ریلوے میں جو میرٹ پر نہیں اس کو نکالیں، وزیراعظم کی ہدایت
وزیراعظم عمران خان کی ریلوے میں میرٹ پر بھرتی نہ ہونےوالوں کو فارغ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔چار نئی ٹرینوں کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے وزیر ریلوے شیخ رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کرپشن اورسیاسی بھرتیوں کا بوجھ عوام اٹھارہی ہے، شیخ رشید صاحب! ریلوے میں سیاسی بھرتیاں ہیں، آپ دیکھیں ادارے میں کون میرٹ پر بھرتی ہوا ہے اور کون نہیں، جو میرٹ پر نہیں اس کو نکالیں‘‘نئی ٹرینوں میں سندھ ایکسپریس، شاہ عبدالطیف بھٹائی ایکسپریس، رحمان بابا ایکسپریس شامل ہیں جبکہ فیصل آباد ایکسپریس کی ملتان تک توسیع کا افتتاح کیا گیا۔نئی ٹرینوں سے اندرون سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مسافر مستفید ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد آگے بھی جو کوششیں کریں گے ہم ان کے لیے تیار ہوں گے، ہمیں پتہ ہے کہ یہ بیرونی ایجنڈے پر آئے ہوئے ہیں۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی آئی اے کا 400 ارب روپے کا خسارہ ہے، اس پر نئی مینجمنٹ لائے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دیں گے، یہ دہشت گرد کسی ایجنڈے پرہیں،آج کا حملہ معاہدوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ریلوے کے دس سے بیس ارب روپے کے پلاٹوں پر قبضہ ہے۔

