امریکا سے تعلقات مزید مستحکم ہونگے : نواز شریف
منصوبے کی تکمیل سے خطے میں تبدیلی آئیگی، مختلف ممالک اس میں دلچسپی لے رہے اور سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں،لوڈشیڈنگ پر بڑی حدتک قابو پالیا،عام انتخابات سے قبل ختم ہو جائے گی ملک درست سمت میں ترقی کررہاہے، امن کیلئے سب سے زیادہ پاکستان نے قربانیاں دیں، دنیا نیوز سے گفتگو، اوورسیز کا ملکی ترقی میں اہم حصہ ہے ، ن لیگ برطانیہ کے صدر زبیر گل سے ملاقات لندن (اظہر جاوید) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ امریکا سے تعلقات مزید مستحکم ہونگے ،خطے میں امن کے دشمن ہی سی پیک کے دشمن ہیں۔ لوڈ شیڈنگ عام انتخابات سے قبل ختم ہوجائے گی۔ لندن میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی امریکی حکومت سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں،سی پیک کی تکمیل سے خطے میں تبدیلی آئے گی، منصوبے میں مختلف ممالک دلچسپی لے رہے ہیں اور اپنی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ۔ خطے میں امن کے دشمن ہی سی پیک کے دشمن ہیں، نوازشریف نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت متعدد منصوبوں پر کام کررہی ہے ۔ لوڈ شیڈنگ پر کافی حد تک قابو پا لیا۔ گزشتہ حکومت نے اس مسئلے پر کوئی کام نہیں کیا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا حامی ہے اور چاہتا ہے کہ دنیا بھر میں امن قائم ہو۔ پاکستان نے امن کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر اور اوورسیز کمشنر زبیر گل سے ملاقات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک صحیح سمت میں ترقی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا ملکی ترقی میں اہم حصہ ہے ،وزیر اعظم نے اوورسیز کے مسائل کے حل کے لئے زبیر گل کو اہم ذمہ داریاں سونپتے ہوئے پاکستان جا کر ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ زبیرگل کی جمہوریت کے لئے بے پناہ قربانیاں ہیں

