حکومتِ پنجاب نے ون ویلرز کیخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا
لاہور: (نمائندہ خصوصی) محکمہ داخلہ پنجاب نے نوجوانوں کو ون ویلنگ جیسے خطرناک کھیل سے باز رکھنے کیلئے صوبے بھر میں کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں قومی اخبارات میں اشتہاروں کے ذریعے بھی نوجوانوں کو اس قاتل کھیل سے دور رکھنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومتِ پنجاب نے ون ویلنگ کے نقصانات کیخلاف آگاہی مہم میں کہا ہے کہ ون ویلنگ سے روکیے اور زندگی بھر کے پچھتاوے سے بچیے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق موٹر وہیکل آرڈیننس کے سیکشن 99-A کے تحت قانون شکن افراد کو 6 ماہ سے 2 سال تک قید یا 10 ہزار روپے جرمانہ اور دونوں سزائیں بھی ہو سکتی ہیں۔ حکومت کی جانب سے والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں کیونکہ ہر سال سینکڑوں نوجوان اس قاتل کھیل میں اپنی زندگی کی بازی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔