چیلنجز پر قابو پا کر ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے :ممنون حسین
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہمیں اس وقت چیلنجز کا سامنا ہے مگر ان پر قابو پا کر ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے ، کنونشن سنٹر اسلام آباد میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ باہمی اختلافات کو فراموش کر کے ایک ہوجائیں تاکہ قومی امنگوں کے ترجمان کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں ،انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے دل سے نفرت اور بدگمانیوں کو نکال کر اپنی قوم کا مستقبل محفوظ بنانا ہوگا ، میری قوم کے بیٹے اور بیٹیاں اپنے قومی فرائض اس خوبی سے ادا کریں گے کہ دنیا انہیں اچھے الفاظ سے یاد رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی خطے میں امن اور استحکام کی علامت ہے ، تقریب میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، چین کے اعلیٰ سطح کے وفد اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ اہم بین الاقوامی امور پر پاکستان اور چین کا یکساں موقف ہے جو دونوں کی مضبوط دوستی کی علامت ہے ، ہماری خواہش ہے کہ یہ دوستی ہمیشہ قائم رہے اور یہ سبز ہلالی پرچم ایسے ہی لہراتا رہے ۔