آزادی کیلئے لاکھوں افراد نے خون کے دریا عبور کئے :شہباز شریف
لاہور (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان حضرت قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت کے نتیجے میں اللہ تعالٰ کی مہربانیوں کے طفیل وجود میں آیا ، یوم آزادی کے حوالے سے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آزادی کیلئے لاکھوں لوگوں نے خون کے دریا عبور کئے ، اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان میں آئے اس امید پر کہ یہاں پر قانون کی حکمرانی ہوگی اور یہاں پر محنت ، امانت اور دیانت سکہ رائج الوقت ہوگا ، آج یہ ملک جن مقاصد کیلئے وجود میں آیا تھا ہم ان سے کتنے دور ہٹ گئے ہیں اس کا ہمیں اندازہ ہونا چاہیئے ۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محنت امانت اور دیانت کے ساتھ ہم نے پاکستان کو 70 سالوں میں دنیا کی نظر میں ایک عظیم ملک بنانا تھا ، کاسا بلانکا سے کوالالمپورتک پاکستان نے اسلامی ممالک کی قیادت کرنا تھی ، آج ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ہم سیاسی اور معاشی طور پر محکوم ہیں ، ہمیں پاکستان کو دنیا کے نقشے پر باوقار ، پر اعتماد ملک بنانا ہے تو اس کیلئے قرآن حکیم کی ہدایات ، قائد اعظم کے احکامات اور علامہ اقبال کے فرمودات پر عمل پیرا ہونا ہوگا ۔ میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ ہم سب دعاگو ہیں کہ اللہ پاکستان کو دنیا کا عظیم ترین ملک بنائے ۔