بلدیاتی نظام میں اصلاحات کیلئے پاکستان کے ٹیکسیشن افسران کا دورہ برطانیہ
مانچسٹر (خصوصی نمائندہ) پاکستان میں بلدیاتی نظام میں اصلاحات کی غرض سے اعلیٰ افسران کا برطانیہ کا دورہ، یہ افسران برطانوی بلدیاتی نظام میں شامل ٹیکسیشن نظام کے طریقہ کار کے بارے میں جدید اصلاحات کی معلومات حاصل کرکے اس معلومات سے پاکستان خصوصاً پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی اداروں کو اپنا ٹیکس نظام جدید بنانے کے لئے آگاہ کریں گے، ان خیالات کا اظہار مانچسٹر کے معروف بزنس مین عامر سعید کی طرف سے پاکستان کے اعلیٰ افسران پر مشتمل افسران کے اعزاز میں استقبالیہ کے موقع پر غیر رسمی گفتگو میں کیا گیا، وفد میں پنجاب، سندھ کے افسران جن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ پنجاب مسعود الحق‘ شعیب صدیقی ڈائریکٹر جنرل حکومت سندھ، ڈائریکٹر ایکسائز لاہور، رضوان شیروانی، ڈائریکٹر ایکسائز ساہیوال شامل ہیں، ان افسران کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ بینک کے تعاون سے برطانیہ کے مختلف بلدیاتی اداروں کے نظام کا مطالعہ کررہے ہیں اور اس سے وابستہ سیمینار میں شرکت کررہے ہیں تاکہ اس جدید نظام کو پاکستانی بلدیاتی اداروں میں متعارف کرواسکیں۔ اس موقع پر میزبان بزنس مین عامر سعید نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ پاکستان میں بلدیاتی ادارے بین الاقوامی معیار کو اپنے اداروں میں متعارف کرواکر عوام کے بہبود کو بہتر بناسکیں گے۔

