ن لیگ نے پاناما فیصلے کو جتنا قبول کیا سب دیکھ رہے ہیں: قمرالزمان قائرہ
لاہور: (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ نے پیپلز پارٹی پنجاب سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا نوازشریف سازش کرنے والوں کا تو بتا دیں، پاناما سکینڈل میں صرف نوازشریف نہیں، 600 افراد کے نام آئے۔ انہوں نے کہا نواز شریف نے خود پاناما پر کمیشن بنانے کا مشورہ دیا تھا۔ ن لیگ نے پاناما فیصلے کو جتنا قبول کیا سب دیکھ رہے ہیں۔ میاں صاحب جمہوریت کے ٹھیکیدار نہیں ہیں، امیرمقام صاحب جو ہزاروں گاڑیاں لیکر آئے، وہ کہاں گئیں؟قمرالزمان کائرہ نے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنا مجبوری ہوتی ہے، آج پاناما کیس فیصلے کو سازش قرار دے دیا گیا ہے۔ نوازشریف نے قوم سے اور پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے جھوٹ بولے، آپ کو عدلیہ کے 5 اعلیٰ ججز نے گھر بھیجا، نوازشریف ریفرنس دائر ہونے سے پریشان ہیں۔ پیپلزپارٹی رہنما نے کہا ہمارے خلاف ملک قیوم کی عدالت سے فیصلہ کرایا گیا۔ ہمارے لوگوں کو پہلے گرفتار کیا گیا پھر ریفرنس بنائے گئے، پاکستان کو خطرات ہیں تو قومی قیادت کو اعتماد میں لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا آصف زرداری کو پہلے پکڑا پھر ریفرنس بنایا گیا، نواز شریف کو اتنا پروٹو کول کس بنیاد پر دیا جا رہا ہے، سرکاری ملازمین یاد رکھیں سب کوبھگتنا پڑے گا۔

