والد کے شانہ بشانہ رہنے والی بیٹی مریم نواز
مریم نواز شریف وزیراعظم نواز شریف کی بڑی صاحبزادی ہیں ،جو 28 اکتوبر1973ء کو پیدا ہوئیں،وہ حالیہ دور حکومت میں اپنے والد کے شانہ بشانہ رہنے والی بیٹی ثابت ہوئی ہیں۔انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم لاہور کے کانونٹ آف جیزز اینڈ میری سے حاصل کی، اس کے بعد وہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی میں بھی زیرتعلیم رہیں۔1992ء میں ان کی شادی کیپٹن محمد صفدر سے ہوئی۔سیاست میں آمد سے پہلے وہ اپنے خاندان کے فلاحی اداروں شریف ٹرسٹ، شریف میڈیکل سٹی اور شریف ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹس کی چیئرپرسن رہیں۔2012ء میں انھیں نواز شریف کی الیکشن مہم کا انچارج بنایا گیا،2012ء میں بین الاقوامی جریدے نیوزویک نے لکھا کہ مریم کو مستقبل کا لیڈر قرار دیا جا رہا ہے۔نومبر 2013ء کو مریم کو وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کا چیئرپرسن بنایا گیا،2017ء میں مریم کو بی بی سی نے100 خواتین کی فہرست میں شامل کیا،وہ اندرون ملک سیاسی محاذ پر سرگرم نظر آتی ہیں۔دورہ ء امریکا میں اس وقت کے امریکی صدر براک اوباما کی اہلیہ مشعل اوباما کے ساتھ ملاقات ہو یا ترک صدر اردوان کی اہلیہ کے ساتھ ملاقات، مریم نواز شریف متعدد اہم مواقع پر اپنے والد کے ساتھ نظر آئیں۔

