کروڑوں روپے کی لاٹری بھی امریکی جوڑے کی زندگی بدل نہ سکی
راتوں رات لاٹری میں کروڑوں روپے جیتنے والا امریکی جوڑا پیسے ملنے کے باوجود معمول کے مطابق زندگی گزار رہا ہے۔ڈیوڈ کیلچمڈ اور مورین اسمتھ نے فروری 2017 میں امریکا کی تاریخ کی سب سے بڑی لاٹری میں 528 ملین ڈالر کا انعام جیتا تھا اور ٹیکس کٹوتیوں کے بعد انہیں 328 ملین ڈالر ملے۔اتنی بڑی رقم حاصل کرنے کے باوجود ڈیوڈ اور ان کی اہلیہ سادہ سی زندگی گزار رہے ہیں جب کہ ان کے پڑوسیوں کا گمان تھا کہ کروڑوں روپے ملنے کے بعد وہ اپنا مکان تبدیل کرلیں گے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔56 سالہ ڈیوڈ نے نہ تو نیا گھر خریدا اور نہ ہی اپنی گاڑی تبدیل کی اور وہ اب بھی فلوریڈا کے ملبرن بیچ کے مکان میں رہائش پذیر ہیں۔
ڈیوڈ نے لاٹری جیتنے کے بعد قریبی ساتھیوں کے ساتھ وعدہ کیا تھا کہ وہ رقم ملنے کے بعد نئی گاڑی خریدیں گے تاہم انہوں نے 90 ہزار ڈالر کی ایک گاڑی خریدی لیکن نئی گاڑی کے باوجود وہ پرانی گاڑی میں ہی سفر کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔مورین اسمتھ اب بھی معمول کے مطابق خریداری کے لئے پیدل جاتی ہیں اور راستے میں ملنے والے دوستوں سے خوش اخلاقی کے ساتھ ملاقات بھی کرتی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے نے 71 سالہ مورین اسمتھ سے کروڑ پتی بننے کے بعد کی زندگی سے متعلق پوچھا تو ان کا کہنا تھا کہ زندگی پہلے کی طرح ہی گزر رہی ہے اور ان کی تمام تر توجہ فیملی کی دیکھ بھال پر ہے۔ڈیوڈ اور ان کی اہلیہ نے 30 سال قبل پاور بال لاٹری کے 5 نمبر حاصل کئے تھے اور فروری 2017 میں ان کے تمام 5 نمبرز 4،8،19،27 اور 34 نکل آئے تھے۔لاٹری جیتنے والا جوڑا اب بھی اسی سپرمارکیٹ سے باقاعدگی کے ساتھ لاٹری حاصل کرتا ہے اور مزید کوئی بڑا چھکا لگنے کے انتظار میں ہے۔



