مصر، مذہبی اسکالر یوسف القرضاوی کی بیٹی اور داماد زیر حراست
مصری حکام نے معروف مذہبی اسکالر یوسف القرضاوی کی بیٹی علا اور داماد حسام خلف کو حراست میں لے لیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق القرضاوی کی بیٹی اور داماد پر دہشت گرد جماعت میں شمولیت اور الاخوان المسلمین کی فنڈنگ اور سپورٹ کے الزامات ہیں۔استغاثہ نے علا اور ان کے شوہر کو پوچھ گچھ کے لیے 15 روز تک حراست میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔علا القرضاوی قاہرہ میں قطر کے سفارت خانے میں ملازمت کر رہی ہیں اور ان کے پاس مصر کے علاوہ قطر کی شہریت بھی ہے۔یاد رہے کہ یوسف القرضاوی کی چار بیٹیاں ہیں، سب سے بڑی بیٹی الہام نے لندن یونی ورسٹی سے طبیعیات کی تعلیم حاصل کی۔دوسری بیٹی سہام نے بھی ایک برطانوی یونی ورسٹی سے کیمیاء کی تعلیم حاصل کی ہے۔تیسری بیٹی علا (جو مصر میں حراست میں لی گئی ہیں) نے امریکا میں ٹیکساس یونی ورسٹی سے اپنی تعلیم مکمل کی جبکہ چوتھی بیٹی اسماء برطانیہ کی ناٹنگھم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہیں۔