لاہور، ڈیفنس میں دھماکا، 8 شہید، دھماکا ریسٹورنٹ میں ہوا، ایک منزل 17 گاڑیاں،20 موٹرسائیکلیں تباہ، 35 زخمی،خوف و ہراس، بھگڈر، اسکولز بند
لاہور (خصوصی نمائندہ ) لاہور میں دہشت گردی کے پے درپے واقعات ہورہے ہیں اور جمعرات کو لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ایک دھماکے کے نتیجے میں 8؍ افراد شہید اور 35؍ افراد زخمی ہوگئے جبکہ بعض ذرائع کاکہنا ہے کہ شہدأ کی تعداد 10؍ ہے ، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ، دھماکا 11؍ بجکر 5؍ منٹ پر ڈیفنس زیڈ بلاک میں واقع ایک پلازہ میں واقع ریسٹورنٹ میں ہوا جہاں تزئین و آرائش کا کام ہو رہا تھا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ لاشیں عمارت سے باہر ریں اور اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، پلازہ میںد ھواں بھر گیا ، ایک منزل ، باہر کھڑی ہوئی17؍ گاڑیاں اور 20؍ موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد علاقے اور شہر میں خوف وہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی ، دھماکے کے بعد فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، سی ٹی ڈی حکام نے جائے وقوع کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کئے اور تفتیش کا عمل شروع کردیا ۔ ادھر دھماکےکی نوعیت کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں سی ٹی دی حکام کا کہنا ہےکہ دھماکا 17یا 18؍ کلو بارودی مواد پھٹنے کا ہوسکتا ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ دھماکا اتفاقیہ حادثہ ہے ، پنجاب کے زیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دھماکا گیس لیکیج یا کیمیکل کی موجودگی کا ہوسکتاہے ، زخمیوںکو بارودی مواد کے زخم نہیں آئے ۔ ادھر ڈیفنس دھماکے کے بعد 2؍مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور ذرائع کاکہنا ہےکہ پولیس اہلکاروں نے ایک زخمی شخص کو اسپتال سے حراست میں لیا جس کا تعلق کرک اور نام متین بتایا جاتا ہے ۔ دوسری جانب سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ، لاہور ، اسلام آباد کے شہری ایک مہینے محتاط رہیں، رش والے مقامات پر دہشت گردی ہوسکتی ہے ۔ لاہور ڈیفنس دھماکے کے بعد ڈیفنس ہائوسنگ اتھارٹی نے آج ڈیفنس کے تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کردیا ۔صدر ممنون حسین اور زیراعظم نوازشریف ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماں ، ایم کیو ایم (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا جبکہ وزیراعظم ،وفاقی وزیر داخلہ نے دھماکے کی رپورٹ بھی طلب کرلی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے دھماکے کی قیقات کا حکم دے دیا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے لاہور بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن رد الفساد آخری دہشت گرد کو ختم کرنے تک جاری رہے گا،دہشت گرد بزدلانہ کارروائیاں کر کے قوم اور افواج پاکستان کا حوصلہ کمزور نہیں کر سکتے آپریشن مزید تیز کیا جائے گا، میڈیا دہشت گرد حملوں کی کوریج انتہائی ذمہ داری سے کریں دہشت گردوں کے مقاصد پورے نہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ مال روڈ کے 10؍ دن بعد لاہور میں ایک اور دھماکا ہوگیا، دھماکا 11؍ بجکر 15؍ منٹ پر ڈیفنس زیڈ بلاک میں واقع ایک پلازہ میں ہوا جہاں تزئین و آرائش کا کام ہو رہا تھا۔ دھماکے کے بعد افراتفری اور بھگدڑ مچ گئی۔ پلازہ سے متصل دکانوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ عمارت میں واقع کافی شاپ تباہ ہو گئی جبکہ 4؍ عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے اسپتالوں میں وافر مقدار میں دوائیں موجود ہیں۔ دھماکے کے ایک زخمی کی ماں نے روتے ہوئے بتایا کہ وہ زخمی ہونے والے بیٹے کو تلاش کر رہی ہے ،اس واقع میں ایک گاڑی بھی تباہ ہوئی۔ اس حوالے سے دن بھر یہ خدشہ ظاہر کیا جا تا رہا ہے کہ تباہ شدہ گاڑی میں بارودی مواد تو نہیں تھا۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ فرانزک ٹیمیں تحقیقات کر رہی ہیں کہ دھماکا کس نوعیت کا ہے۔ موقع پر موجود ایک عینی شاہد خاتون کا کہنا تھا کہ دھماکا سلنڈر کا نہیں بلکہ دہشت گردی کی کارروائی ہے۔ دھماکے کی جگہ کو قناتیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نےحادثے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کئے ۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے فوری طور پرعلاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پاک فوج کے دستے بھی جائے وقوع پر پہنچے ۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے جائے وقوعہ کو سیل کیا۔ اس کے علاوہ پولیس کی مزید نفری اور بم ڈسپوذل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام جاری رہا۔ سی ٹی ڈی حکام نے ابتدائی رپورٹ میں کہا کہ دھماکا 17سے 18کلو بارودی مواد کے پھٹنے کا ہو سکتا ہے کیونکہ اس دھماکہ کی نوعیت بہت شدید ہے ۔ دھماکے کے بعد زیڈ بلاک کی مارکیٹ مکمل طور پر بند کردی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ اس زیر تعمیر پلازہ کا افتتاح جلد تھا اس لئے اس میں پانچ پانچ کلو کے 5سلنڈر لائے گئے تاہم مبینہ گیس لیکیج کے باعث ان سلنڈروں میں دھماکا ہوا جو اس قدرر شدید نوعیت کا تھا کہ جس سے قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کائونٹر ٹیرازم ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے بعد کے یہ گیس دھماکہ ہے جس کے بعد اس حادثے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرنے کی بجائے اس کی کارروائی کی رپورٹ تھانہ ڈیفنس اے میں کر دی گی، اس حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ یہ اتفاقیہ حادثہ ہے جو گیس لیکیج کے باعث ہوا ہے انھوںنے کہا کہ ابھی فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ نہیں آئی جب وہ رپورٹ آئے گی تو مزید کارروائی کی جاے گی انھوں نے کہا کہ یہ ایک زیر تعمیر عمارت تھی اس میں کسی نے کیا دہشت گردی کرنی تھی۔ وقوعہ کے ایک عینی شاہد نوید نے بتایا کہ دھماکہ سے پہلے ایک گاڑی اس بلڈنگ کے پاس سے تیزرفتاری سے گزر کر غائب ہوگئی جبکہ ایک اور عینی شاہد علی نے بتایا کہ وہ بینک کے باہر کھڑا تھا کہ دھماکہ ہوا تو بلڈنگ کے سامنے ایک گاڑی ہوا میں کئی فٹ اچھل کر نیچے آ گری جس سے اس کے شیشے ٹوٹ گئے اور اسے نقصان بھی پہنچا۔ ایک اور عینی شاہد کلیم نے بتایا کہ وہ بینک سے رقم نکلوانے آیا تھا کہ دھماکہ کی آواز سن کر نیچے بیٹھ گیا پھر لوگ تڑپنے لگے تو اس نے آگے بڑھ کر ایک زخمی کو سہارا دے کر ایمبولینس کی طرف پہنچایا، 17زخمیوں کو جنرل اسپتال، 13کو نیشنل اسپتال اور پانچ کو ڈیفنس اسپتال منتقل کیا گیا، چار افراد کی جنرل اسپتال میں حالت تشویشناک، ایک شخص کو جھلسنے کی وجہ سے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوع کے اردگرد قناعتیں لگا کر اسے بند کر دیا اور موقع سے شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق جائے وقوعہ سے کسی قسم کے بال بیرنگ وغیرہ برآمد نہیں ہوئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ خودکش حملہ نہیں تھا، دھماکے سے فرسٹ فلور کی چھت بھی گر گئی جس کے ملبہ تلے لوگ دب گئے، ریسکیو ادارے نے ملبہ اٹھانے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا تاکہ مزید دھماکا خیز مواد موجود نہ ہو، بم ڈسپوزل نے جب بلڈنگ کو کلیئر کیا تو پھر ملبہ اٹھانے کا کام شروع کیا گیا، ملبہ سے ایک لاش برآمد ہوئی، دھماکے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مزید خدشات کی وجہ سے اردگرد عمارتوں کی چھتوں پر پولیس تعینات کر دی۔ پاکستان آرمی، پاکستان رینجرز اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ٹیمیں بھی جائے وقوع پر پہنچ گئیں جنہوں نے وہاں سے شواہد اکٹھے کئے اور تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ دریں اثناء سیکورٹی ذرائع نے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور حیدر آباد کے شہریوں کو آئندہ ایک ماہ کیلئے محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔ انکے مطابق اس دورانیہ میں دہشت گردی کا واقعہ ہو سکتا ہے لہٰذا رش والی جگہوں پر بلا ضرورت نہ جائیں۔پولیس کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جائے گی۔ قریبی اسکولوں کو بھی بند کردیا گیا اور والدین سے کہا گیا کہ وہ اپنے بچوں کو گھر لے جائیں۔ نامہ نگار کے مطابق لاہور ڈیفنس دھماکہ میں واربرٹن کا رہائشی 20سالہ نوجوان رچرڈ منیر بھی دم توڑ گیا ہے، لاش واربرٹن کیلئے روانہ کر دی گئی متوفی لاہور میں ایک نجی ریسٹورنٹ میں بطور منیجر کام کر تا تھا۔ مزید براں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے بتایاکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا زیر تعمیر عمارت میں ہوا۔دھماکہ گیس لیکیج اور کیمیکل کی موجودگی کا بھی ہوسکتاہے۔ زخمیوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کل سے عمارت سے بو آرہی تھی۔دھماکے کی نوعیت کا جائزہ لینے کے لیے فورانزک ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں ۔ لاہور کے علاقے گلبرگ میں بھی ایک اور دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی، تاہم وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے گلبرگ میں دھماکے کی تردید کردی۔ انہوں نے کہا کہ گلبرگ میں دھماکے کی کوئی اطلاع نہیں۔رانا ثناء کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لاہور میں انعقاد میں رکاوٹ ڈالنے کے امکان کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔