معروف فٹ بالر لیونل میسی آج شادی کریں گے
ارجنٹائن کے معروف فٹ بالر لیونل میسی اور ان کی بچپن کی دوست انٹونیلا روکوزو آج رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔ معروف فٹ بال کلب بارسلونا کے فارورڈ لیونل میسی آج اپنی بچپن کی دوست انٹونیلا روکوزو سے طویل تعلق کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے جب کہ شادی کی تقریب ارجنٹائن کے شہر روزاریو میں ہوگی۔میسی کی شادی کی تقریب میں دنیائے فٹ بال کے بڑے بڑے نام شرکت کریں گے جس میں نیمار، لوئی سواریز، گلوکارہ شکیرا سمیت کئی شامل ہیں جب کہ شادی میں شریک ہونے کے لیے کئی نامور کھلاڑی ارجنٹائن بھی پہنچ چکے ہیں۔تقریب میں دنیا بھر سے 600 سے زائد مہمان شریک ہوں گے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں جب کہ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں اور 200 سے زائد سیکورٹی اہلکاروں کو سٹی ہال کے اطراف تعینات کیا گیا ہے۔دوسری جانب دنیائے فٹبال کی بڑی شادی کی کوریج کے لیے 150 صحافیوں کو خصوصی پاسسز جاری کیے گئے ہیں۔

