5 جی سروس ۔ پاکستان ایشیاء کا پہلا ملک بن گیا
راولپنڈی(خصوصی نمائندہ ) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمٰن نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء کا وہ پہلا ملک ہوگا جو تیز ترین انٹرنیٹ رابطہ فراہم کرنے کے لیے ففتھ جنریشن (5 جی) سروسز کا تجربہ کرے گا۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کی جانب سے منعقدہ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کی اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوشہ رحمٰن کا کہنا تھا کہ ’پاکستان نے حال ہی میں جی ایس ایم اے ایوارڈ جیتا ہے اور موبائل ٹیلی کام آپریٹرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ حکومت 2030 تک ہر گاؤں میں 100 صارفین کے لیے ایک موبائل ٹاور فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کررہی ہے۔ انوشہ رحمٰن کا کہنا تھا کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ پھل پھول رہا ہے اور گذشتہ دو سالوں کے دوران براڈ بینڈ کی رسائی 3 فیصد سے بڑھ کر 27 فیصد ہوگئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان کو ڈیجیٹل پاکستان بنانے کے لیے کام کررہے ہیں اور مستقبل میں آئی ٹی کے ذریعے ڈیجیٹل اکانومی، فری لانس، اسٹارٹ اپس، ای کامرس اور موبائل ایپلی کیشن بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے‘۔