خون کی مطابقت نہ ہونے کے باوجود گردے کے منتقلی کا کامیاب آپریشن
سعودی وزارت صحت نے اظہار کیا ہے کہ بلڈ گروپ کی مختلفت کے باوجود ایک بچے کے لیے باپ کے گردوں کے عطیے کا آپریشن کامیاب رہا ہے۔ یہ ایک منفرد واقعہ ہے جو عموماً نہیں دیکھا جاتا۔ اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کنگ فہد سپیشلسٹ ہسپتال، دمام میں بچوں کے گردوں کی پیوند کاری کے ماہرین نے مختلف بلڈ گروپ کے باوجود گردے کے آپریشن میں کامیابی حاصل کی ہے۔
مصری باپ امیر الھواری نے اپنے بچے ’یزن‘ کو اپنا گردہ عطیہ کیا تھا۔ دونوں کا بلڈ گروپ مختلف تھا۔ اس کے باوجود آپریشن کامیاب رہا۔ عام طور پر بلڈ گروپ مختلف ہونے کی صورت میں گردے کی پیوند کاری کامیاب نہیں ہوتی۔ یہ اپنی نوعیت کا نادر واقعہ ہے کہ بلڈ گروپ مختلف ہونے کے باوجود آپریشن کامیاب رہا۔
وزارت صحت نے بتایا کہ یزن نامی بچے کی عمر چھ سال ہے وہ گردے کے عارضے میں مبتلا تھا۔ 4 سال سے گردے کی صفائی کے عمل سے گزر رہا تھا۔ ماں نے گردے کے عطیے کی کوشش کی مگر صحت کی خرابی کے باعث ماں سے گردے کا عطیہ نہیں لیا جا سکا۔
کنگ فہد سپیشلسٹ ہسپتال کے ماہرین نے بلڈ گروپ مختلف ہونے کے باوجود آپریشن کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے آپریشن کی بھرپور تیاریاں کیں اور باپ کا گردہ لے کر بچے کو منتقل کردیا گیا۔ آپریشن کے بعد باپ بیٹا دونوں صحت یاب ہیں۔

