کوٹلی آزاد کشمیر:اساتذہ کو ہتھکڑیاں پہنا کرانسانیت کی بدترین تذلیل کی گئی ہے۔ حکامِ بالا نوٹس لیں
کوٹلی آزاد کشمیر:اساتذہ کو ہتھکڑیاں پہنا کرانسانیت کی بدترین تذلیل کی گئی ہے۔ حکامِ بالا نوٹس لیں
کوٹلی آزاد کشمیر( سعید راجپوت) اساتذہ کو ہتھکڑیاں پہنانا انسانیت کی بدترین تذلیل ہے۔ حکامِ بالا نوٹس لیں۔ احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ تاجر برادری، سول سوسائٹی ، انسانی حقوق ، صحافیوں اور معزز شہریوں کی طرف سے حکومتِ آزاد کشمیر اور پولیس کی شدید مذمت۔ تفصیلات کے مطابق صدائے کشمیر انٹرنیشل فورم کے ترجمان احمد کشمیری، سپورٹ کشمیر انٹرنیشنل فورم کے چئیرمین نذر حافی، اور معززین علاقہ میجر ﴿ر﴾ ملک محمد حنیف خان، میجر ﴿ر﴾ سردار محمد عظیم خان، میجر ﴿ر﴾گل اختر، میجر ﴿ر﴾ سردار محبوب حسین سدوزئی، میجر ﴿ر﴾سردار محمد سلیم خان، صوبیدار﴿ر﴾ سید نثار حسین شاہ، گرداور﴿ر﴾ راجہ سخی دلیر خان ریٹائرڈ نے اساتذہ کو ہتھکڑیاں پہنانے کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے کہ کوٹلی آزاد کشمیر میں پرائیویٹ سکولز کالجز ایسوسی ایشن﴿اپیسکا﴾ نے لاک ڈاون کے خلاف پُر امن احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ مظاہرےکے بعد پولیس نے اپیسکا کے معزز اساتذہ کو ذلت آمیز انداز میں گرفتار کیا، انہیں ہتھکڑیاں پہنا کر جیل میں بند کر دیا گیا۔ اس پر معززین علاقہ سمیت ملک کے گوش و کنار سے باشعور طبقے اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے حکومتِ آزاد کشمیر کی شدید مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ہمارے نمائندے کے مطابق احتجاج کرنے پر علاقے کے معروف اور قابلِ قدر اساتذہ کرام چوہدری مطلوب حسین، عامر زیب اور راجہ مکرم عباس کو ہتھکڑیاں پہنانے اور جیل میں بند کرنے پر سکولوں و کالجز نیز معززین علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ عوامی لعن طعن اور معززین علاقہ کے دباو کے باعث اسا تذہ کو رہا تو کر دیا گیا لیکن اس سے اساتذہ کے منصب کی جو توہین ہوئی ہے اس پر لوگوں میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ اس ہانت اور توہین کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے۔