موجودہ حالات میں علمائے کرام کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔مولانا محمد نعیم بٹ
موجودہ حالات میں علمائے کرام کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔مولانا محمد نعیم بٹ
اہداف میں کامیابی کے لیے قربانی کا جذبہ بیدار ہونا چاہئے۔ حافظ یونس آزاد
جہلم (محمد زاہد خورشید) مورخہ 24اگست بروز سوموار کو مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے قائدین نے تبلیغی و تنظیمی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے جامعہ علوم اثریہ جہلم کا دورہ کیا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعد میں نائب مدیر حافظ عبدالغفور مدنی نے قائدین کا جامعہ میں آمد پر شکریہ ادا کیا،ان کے دورے کے مقاصد سے متعلق جماعتی احباب کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں! مولانا سعد محمد مدنی نے حاضرین سے مہمانوں کا تعارف کروایا۔جماعتی احباب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالغفار آف ڈسکہ نے کہا کہ جامعہ علوم اثریہ جہلم ہمارا دوسرا گھر ہے۔ حافظ عبدالغفور جہلمی مرحوم اور ان کے خاندان سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، ان شاء اللہ ہماری اگلی نسلوں تک یہ روابط برقرار رہیں گے۔ مولانا محمد نعیم بٹ سینئر نائب ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان نے کہا کہ دینی مدارس کو طلبا کی ذہن سازی کرنی چاہئے کہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نیز انہوں نے کہا کہ مدارس میں فارغ التحصیل ہونے کے بعد علمی و تحقیقی مراحل کا آغاز ہوتا ہے،لہٰذا یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ ہم بڑے عالم بن چکے ہیں، بلکہ کتب کا مطالعہ جاری رکھنا چاہئے اور ملک پاکستان کے موجودہ حالات میں علمائے کرام کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے، پہلے وہ خود ملکی حالات سے اچھی طرح باخبر ہوں اور بعد میں عوام الناس کو بہتر رہنمائی کریں۔ حافظ یونس آزاد ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث پنچاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کے اوراق شاہد ہیں کہ جس تحریک نے بھی کامیابی حاصل کی ہے، اس کے پیچھے قائدین اور ورکرز کی خوب محنت اور قربانی کے جذبے کا عمل دخل ہے۔ نیز انہوں نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کے لیے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی خدمات کھلی کتاب کی طرح ہیں۔


