جو سمجھتے ہیں وہ بچ گئے عید کے بعد نہیں بچیں گے.شیخ رشید
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ رمضان کے بعد نیب ٹارزن بننے جارہی ہے، جو سمجھتے ہیں وہ بچ گئے عید کے بعد نہیں بچیں گے۔ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ نیب آرڈیننس پر نیب اور حکومت کے مذاکرات ہو رہے ہیں، نون لیگ اور پیپلز پارٹی اٹھارویں ترمیم کا معاملہ نیب آرڈیننس سے مشروط کرنا چاہتی ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ نیب کا ترمیمی آرڈیننس ابھی ٹھیک نہیں ہونے جا رہا ابھی بہت وقت ہے، میں حکومت سے پوچھتا ہوں نہ حکومت مجھے بتاتی ہے، نون لیگ والے جو ترامیم مانگ رہے ہیں وہ نیب سے مذاق ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عید کے بعد دونوں طرف سے قلندر اندر جاسکتے ہیں ،جبکہ شہباز شریف کے ستارے گردش میں ہیں، وہ جتن کررہے ہیں کہ انہیں باہر جانے دیا جائے، ان کے بھائی کا آپریشن ہونا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں بہترین ٹیم آئی ہے، ایسی زبردست ٹیم کبھی نہیں آئی، پردے کے آگے شبلی فراز ہیں اور پیچھے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ ہیں، نوازشریف کے بعداب فردوس عاشق اعوان بھی کہیں گی مجھے کیوں نکالا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شوگر مافیا ہر پارٹی میں موجود ہے، یہ لوگ پارٹیوں کو چندہ دیتے ہیں، کوئی کابینہ ایسی نہیں دیکھی جس میں شوگر اور آٹے والے نہ ہوں لیکن عمران خان چینی آٹا مافیا کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں گے، تحقیقات کرنے والوں نے وقت مانگا تھا، ابھی تک آئی پی پی کا کمیشن نہیں بنا۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو کریڈٹ دیں کہ اس نے آئی پی پی، چینی اور گندم چوروں کو نکیل ڈالی ہے، عمران خان اگلا الیکشن اسی بنیاد پر لڑے گا۔وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم جب حکم دیں گے ٹرینیں چلا دیں گے، ایم ایل ون کا پی سی ون آخری مرحلے میں ہے، اسی سال ایم ایل ون کا افتتاح کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک تنخواہ کی گنجائش ہے ورنہ ہمیں سبسڈی لینا پڑے گی، ان کاکہنا تھا کہ ریلوے مزدوروں کا ایک گریڈ بڑھانا بہت ضروری ہے، ایک گریڈ اضافے کے ساتھ ہم اپنا بجٹ خود بناسکتے ہیں، ہم ریلوے سے کسی مزدور کو نہیں نکالیں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ میرا ٹارگٹ 5سالوں میں 34 بلین کا خسارہ ختم کرنا ہے،تاہم کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے خسارہ ختم نہیں ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک وزیر ہوں میں اپنے مزدوروں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ملک میں جاری کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن کے حوالے سے بات کرتےہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ غریب آدمی کا مسئلہ نہیں اصل مسئلہ سفید پوش کا ہے، دکانیں کھول دینی چاہئیں، اگر دکانیں نہ کھلیں تو پیچھے کھڈی کا کاروبار ختم ہو جائے گا۔