سلطان قابوس کی رحلت پر وزیرِ اعظم کی تعزیت
وزیرِ اعظم عمران خان نے اومان کے فرماں روا سلطان قابوس کے انتقال پر اومانی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیرِ اعظم نے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ عزت مآب سلطان قابوس بن سعید آل سعید کی رحلت پر اومان کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلطان قابوس ایک دانا شخصیت تھے جنہوں نے اومان کو جدید ریاست کی صورت میں ڈھالا، ان کی رحلت سے اومان نے اپنا عزیز قائد کھویا تو پاکستان ایک با اعتماد قریبی دوست سے محروم ہو گیا، اللّٰہ کریم ان پر ابدی سکون نچھاور کریں۔اس سے پہلے ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کوئٹہ کی مسجد میں گزشتہ روز ہونے والے خود کش دھماکے اور اس کے نتیجے میں 15 نمازیوں کی شہادت کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے کوئٹہ کی مسجد میں بارگاہِ الہٰی میں سجدہ ریز نمازیوں پر بزدلانہ دہشت گرد حملے کی فوری رپورٹ طلب کی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی میں نے صوبائی حکومت کو زخمیوں کا علاج معالجہ یقینی بنانےکی بھی ہدایات دی ہیں، حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی حاجی امان اللّٰہ ایک جری اور مثالی افسر تھے۔سوشل میڈیا پر ہی دیئے گئے ایک اور بیان میں وزیرِ اعظم کا پڑوسی ملک ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے کہنا تھا کہ میں نے ہدایات دی ہیں کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی ایران، سعودی عرب اور امریکا جاکر ان ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملیں۔عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ متعلقہ عسکری قائدین سے روابط قائم کریں اور واضح پیغام دیا جائے کہ پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تو تیار ہے مگر وہ دوبارہ کسی بھی جنگ کا حصہ نہیں بن سکتا۔

