نواز شریف علاج کے لیے لندن روانہ ہو گئے
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف علاج کے لیے بیرونِ ملک روانہ ہوگئے، وہ قطر سے آنے والی ایئر ایمبولینس میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے روانہ ہوئے۔ان کے ہمراہ ان کے بھائی میاں شہباز شریف اور معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد روانہ ہوئے ہیں۔اس سے قبل نواز شریف جاتی امراء سے ایئر پورٹ پہنچے، سابق وزیرِ اعظم کا ایئر پورٹ پر بھی میڈیکل چیک اپ ہوا۔میاں شہباز شریف بھی لندن روانگی کے لیے ماڈل ٹاؤن لاہور سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے جہاں انہوں نے میاں نواز شریف کو ریسیو کیا۔سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز ایئرپورٹ نہ آئیں، انہوں نے جاتی امراء سے ہی والد کو الوداع کیا۔مسلم لیگ نون کے سینئر رہنماؤں نے حج لاؤنج سے سابق وزیرِ اعظم کو رخصت کیا۔ایئر پورٹ پر موجود سیکڑوں نون لیگی کارکنوں نے اپنے رہنماؤں کی گاڑیوں پر گل پاشی کی اور ان کے حق میں نعرے بلند کیے۔