علی امین کا فضل الرحمٰن کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا چیلنج
وفاقی وزیر برائے کشمیر امور علی امین گنڈا پور نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو ون آن ون الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔علی امین گنڈا پور نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اپنی جیتی ہوئی نشست چھوڑتے ہیں، مولانا دوبارہ الیکشن جیت کر دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن چاہیں تو ہر پولنگ اسٹیشن میں کیمرے لگا کر انتخاب لڑلیں۔وفاقی وزیر نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ کے حلقے میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ وہاں دگنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ جو شخص عام انتخابات میں اپنی نشست ہار گیا ہے وہ کس منہ سے منتخب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہا ہے۔