کسی کی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا، عمران خان
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں اپنی زندگی کی ضمانت نہیں دے سکتا تو کسی اور کی ضمانت کیسے دوں؟ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک یونی ورسٹی کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے کہا کہ زندگی ا ور موت تو اللہ کے ہاتھ میں ہے، انسان صرف کوشش کرسکتاہے جبکہ حکومت نے نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں امیر کے لیے ایک قانون اور غریب کے لیے دوسرا قانون ہے۔عمران خان نے کہا کہ ترقی یافتہ ملکوں میں قانون کی بالادستی ہے اور سب برابر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم مدینہ کی ریاست کی بات اس لیے کرتے ہیں کہ وہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی ﷺ نے بنائی تھی ، وہاں امیر اور غریب کے لیے یکساں قانون تھا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایک این آر او شریف خاندان کو ملا اور دوسرا آصف زرداری کو دیا گیا، دونوں این آر او کی وجہ سے آج ملک کی حالت یہ ہے، آج مجھ سے سن لیں جب تک میں زندہ ہوں آپ کو این آر او نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے پہلے ہی دن سے شور مچادیا کہ حکومت ناکام ہوگئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے سال جتنا ٹیکس جمع کیا، پہلی حکومتوں کے لیے گئے قرضوں کی ادائیگی میں چلا گیا ۔عمران خان نے کہا کہ ملک کا قرضہ چار گنا ایسے نہیں بڑھتا، لوٹ کھسوٹ سے ہوتا ہے، قرضوں کی قسط ادا کرنے میں پیسہ چلا گیا تو ملک کیسے چلتا ؟ ہم نے مشکل ترین وقت گزارا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقامہ لینے کا مطلب وہاں لوٹا ہوا پیسہ چھپانا ہے، کبھی سنا ہے کہ ملک کا وزیر اعظم کسی دوسرے ملک کا شہری اور وہاں ملازم ہو۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاروں کے لیے ماحول بہتر بنایا ہے، قوم کو بتانا چاہتا ہوں، انشاء اللہ بیرون ملک سے سرمایہ کاری کا سوچا جا رہا ہے، تاجروں کو کہنا چاہتا ہوں کوئی بھی ملک ٹیکس کے بغیر نہیں چلتا، ہم جو پیسہ بچائیں گے وہ تعلیم پر خرچ کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اوقاف کی زمینوں پر تعلیمی ادارے بنائیں گے جس کا مقصد نوجوانوں کو معیاری تعلیم دینا ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ آزادی مارچ کا مقصد یہ خوف ہے کہ حکومت کامیاب ہو رہی ہے، یہ کہتے ہیں وزیراعظم کا استعفیٰ لینے آرہے ہیں، کیوں لینے آرہے ہیں؟