جنگ کی بات کشمیر و پاکستان سے غداری ہے ، عمران خان
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے لیے جنگ کی بات کرنے والے لوگ کشمیر اور پاکستان کے ساتھ غداری کررہے ہیں۔قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ بھارت نے جو 9 لاکھ فوجی رکھے ہوئے ہیں وہ کشمیریوں کو دہشتگردی کے ذریعے دبانے کے لیے رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم نے جنگ کی تو بھارت کشمیریوں کو کچل دے گا ، وہ پلوامہ جیسے کسی واقعے کا انتظار کررہا ہے تاکہ دنیا کی توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹاکر پاکستان پر لگادے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہو، میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں ہم کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی مدد جاری رکھیں گے جبکہ میں پوری دنیا میں کشمیر کا ترجمان ہوں ۔عمران خان نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے الیکشن جیتنے کے بعد کشمیر پر کرفیو لگادیا اور نریندر مودی نے یہ اقدام اٹھانے کے بعد کہا کہ میں کشمیر کے لوگوں کی بہتری کے لیے یہ کام کررہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ آج خطاب کرنے کا مقصد کشمیر کے عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کے عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ میں نے ساری دنیا کے سامنے رکھ کر پیش کیا اور دنیا بھر کے سربراہان مملکت کو کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا ۔