یہ دھرنے کے لیے مناسب وقت ہے اور نہ ہی ایسی صورتحال کہ دھرنا دیا جائے.عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت دھرنے والوں کو سنبھال لے گی تاہم نہ یہ دھرنے کے لیے مناسب وقت ہے اور نہ ہی ایسی صورتحال کہ دھرنا دیا جائے۔عارف علوی کا کہنا تھا کہ جہاں تک تحریک انصاف کے دھرنے کی بات ہے یہ بات سب کے سامنے ہے کہ تحریک انصاف نے جب دھرنا دیا اس وقت ہماری پارٹی نے تمام جمہوری اصولوں پر عمل کرنے کے بعد دھرنا دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے دھرنے سے پہلے تمام عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے رابطے کیا، اپنا مقدمہ پیش کیا کہ الیکشن میں شدید دھاندلی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی اپنے فیصلے میں یہ بات کہی تھی کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی تاہم منظم دھاندلی کہ بات تو نہیں کہی تھی لیکن جب ہمیں کہیں سے انصاف نہیں ملا تو ہم نے دھرنا دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ایسی کوئی صورتحال نہیں ہے نہ انہوں نے کسی عدالت سے رجوع کیا اور نہ ہی ایسی کوئی بات ہے لہذا ہم نہیں سمجھتے کہ کسی طرح کا دھرنا ہونا چاہیے۔

