عامر کے نئے روپ نے مداحوں کے دل جیت لیے
ممبئی: (نمائندہ خصوصی) اپنے کرداروں میں ڈوبنے کیلئے اپنا حلیہ تک تبدیل کرنے کے حوالے سے مشہور بالی ووڈ سٹار عامر خان کے نئے روپ نے ان کے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔ انڈین میڈیا کے مطابق مسٹر پرفیکشنسٹ کا حال ہی میں ایک ٹی وی اشتہار نشر ہونا شروع ہوا ہے، جس میں وہ ایک سکھ مٹھائی فروش بنے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں عامر خان نے نہ صرف اپنی داڑھی بڑھائی ہوئی ہے بلکہ پگ بھی باندھ رکھی ہے۔ اس اشتہار میں بیٹیوں کو پڑھانے اور انھیں بااختیار بنانے کے بارے میں بات کی گئی ہے۔ اس اشتہار کے ڈائریکٹر نتیش تیواری ہیں۔ عامر خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر یہ اشتہار شیئر کیا ہے۔ 48 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں ایک گاہک عامر خان سے کاروبار میں ترقی کی وجہ پوچھتا ہے جسے عامر خان بیٹیوں کی محنت کا ثمر قرار دیتے ہیں۔ –

