پاکستان نے ون ڈے سیریز دو۔صفر سے جیت لی
پاکستان نے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز دو۔صفر سے اپنے نام کرلی۔عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر عابد علی کو مین آف دی میچ جبکہ بابر اعظم کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیریز کے آخری میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔پاکستان نے مطلوبہ ہدف 48 اعشاریہ 2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز فخرزمان اور عابد علی نے 123 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، عابد علی تیزرفتار 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دوسرے ون ڈے میں سنچری بنانے والے بابر اعظم 30 رنز پر پردیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اوپنر فخرزمان کو بھی پردیپ نے پویلین کی راہ دکھائی، وہ نسبتاً سست رفتار 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، فخرزمان نے 91 گیندوں کا سامنا کیا۔کپتان سرفراز احمد کو 23 رنز پر لہیرو کمارا نے کلین بولڈ کیا۔حارث سہیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 54 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے 22 گیندوں 28 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔یوں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 49 ویں اوور کی دوسری گیند پر حاصل کرکے نا صرف تیسرا ون ڈے جیت لیا بلکہ سیریز بھی دو۔ایک سے اپنے نام کرلی۔دونوں ملکوں کے درمیان تین میچوں کی ٹی20 سیریز کا آغاز 5 اکتوبر سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے298 رنز کا ہدف دیا تھا۔ دنوشکا گوناتھیلاکا نے شاندار سنچری اسکور کی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں مہمان ٹیم کے کپتان لہیرو تھیریمانے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی، لیکن اوپنرز نے اُن کے فیصلے کا ساتھ نہیں دیا اور صرف 13 رنز پر اویشکا فرنانڈوصرف 4 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔دوسری وکٹ کے حصول کے لیے پاکستانی بولرز کو طویل انتظار کرنا پڑا، گوناتھیلاکا نے نئے بیٹسمین کپتان تھیریمانے کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت بناڈالی، لہیرو تھیریمانے 36 رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر اُن ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔اینجلو پریرا زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 13 رنز کی اننگز کھیل کر عثمان شنواری کا شکار ہوگئے، منود بھنوکا نے چوتھی وکٹ کے لیے گوناتھیلاکا کا بھرپور ساتھ دیا اور 74 رنز جوڑے، بھنوکا 36 کے اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔شیہان جے سوریا صرف 3 رنز بناسکے، اس دوران دنوشکا گوناتھیلاکانے اپنی سنچری مکمل کی، وہ 133 رنز بناکر پویلین لوٹے، ان کی سنچری میں ایک چھکا اور 16 چوکے شامل تھے۔ونندو ہرسانگا ڈی سلوا 10 اور لکشن سنداکان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔یوں سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے محمد عامر سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے سری لنکا کے 3 بیٹسمینوں کا شکار کیاجبکہ عثمان شنواری، وہاب ریاض، شاداب خان اور محمد نواز نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

