ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح کیلئے ماہانہ 28 لاکھ روپے کا پیکیج
کراچی پاکستان کرکٹ ٹیم کا تین سال کے لئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا ہے اور اپنا بیٹ اور کرکٹ سامان ہمیشہ کے لئے پیک کردیا ہے۔ وہ سب سے مہنگے اور سب سے زیادہ تعلیم یافتہ پاکستانی کوچ ہیں۔ پاکستانی کوچ کو دوہری ذمے داری دے کر انہیں مکی آرتھرکے مساوی پیکیج دیا گیا ہے جو تقریباً 28 لاکھ روپے ماہانہ ہوگا۔45 سالہ مصباح الحق نے گذشتہ سال سوئی ناردرن کے لئے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی تھی اور فیصل آباد کے لئے قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو میں شرکت کی تھی۔ پاکستان سپر لیگ میں اس سال فروری میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئےایک میچ میں مین آف دی میچ بھی بنے تھے۔ قائد اعظم ٹرافی میں حبیب بینک کے خلاف اپنے آخری فرسٹ کلاس میچ میں91اور44 ناٹ آئوٹ رنز بنائے تھے۔ پی ایس ایل میں49 ناٹ آئوٹ،59ناٹ آئوٹ اور 18رنز بنائے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے معاہدہ کرنے سے قبل مصباح الحق نے ہر قسم کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیاہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق ماہانہ تقریباً سولہ لاکھ روپے تنخواہ لیتے تھے۔

