اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی
اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے، اسرائیلی فوج نے حزب اللّٰہ کی طرف سے اسرائیلی ٹینکر تباہ کرنے کے دعویٰ کے بعد جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔اسرائیلی حملوں کے بعد لبنان حکومت نے امریکا اور فرانس سے مدد مانگ لی۔حزب اللّٰہ کی جانب سے اسرائیل کے شمالی علاقے میں اسرائیلی ٹینکر تباہ کرنے اور ٹینکر میں موجود اسرائیلی فوجیوں کے جانی نقصان کا دعویٰ سامنے آیا۔
اس دعوے کے فوراً بعد جواب میں اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقے میں بمباری شروع کر دی۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان سے ٹینک شکن میزائلوں سے اسرائیلی فوجی اڈے اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس پر جوابی میزائل فائر کیے۔لبنانی وزیرِ اعظم سعد حریری نے امریکا اور فرانس سے اسرائیل اور حزب اللّٰہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔اسرائیل نے گزشتہ روز لبنان کی سرحد پر اضافی فوج بھجوائی تھی جبکہ گزشتہ اتوار کو اسرائیل نے لبنان پر 2 ڈرون حملوں میں حزب اللّٰہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بھی بنایا تھا۔

