چین کا کشمیر پر سلامتی کونسل میں پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں اٹھانے پر چین نے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آج کرفیو میں نرمی نہیں تھی لیکن کشمیریوں نے کرفیو توڑ کر احتجاج کیا،جمعے کی نماز کے لئے کرفیو اٹھا تو فوری مظاہرے شروع ہوئے، بھارتی فوج نے مظاہرین پر گولیاں چلائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، پاکستان اس پر بات کرنے کا پورا حق رکھتا ہے، لداخ سے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی خبریں آرہی ہیں۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ جو کچھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کر رہا ہے وہ نسل کشی ہے،مقبوضہ کشمیر سے غذائی اشیا اور دوائوں کی قلت کی خبریں بھی سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چینی وزیر خارجہ اور دیگر حکام سے تفصیلی بات ہوئی، الحمدللہ چین نے جو ردعمل دیا وہ ہماری توقعات کے عین مطابق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ چین نے پھر ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا ہر آڑے وقت کا ساتھی ہے،ہمارے اس قومی ایشو پر چین نے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل میں اٹھانے پر چین نے مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے،پاکستان اور چینی وزارتِ خارجہ کے درمیان ڈی جی کی سطح کے فوکل پرسن مقرر کیے جارہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ چین نے واضح پوزیشن لی ہے کہ وہ جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کچھ دیر بعد وزیراعظم عمران خان سے مشاورت اور رہنمائی کیلئے ملاقات کروں گا۔