کراچی: ڈکیتی کے دوران میاں بیوی کو زخمی کرنے والے ملزمان گرفتار
رینجرز نے کراچی کے علاقے نیو ایم اے جناح روڈ پر ڈکیتی کی واردات کے دوران میاں بیوی کو زخمی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔پاکستان رینجرز (سندھ) کے اعلامیہ کے مطابق یکم جولائی 2019ء کو نیو ایم اے جناح روڈ نزد مزار قائد پر ڈکیتی کی واردات کے دوران نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے محمد ریاض اور اس کی بیوی صدف شدید زخمی ہو گئے تھے، زخمی محمد ریاض دوران علاج جناح اسپتال میں جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ اس کی بیوی صدف کی دائیں ٹانگ گولی لگنے کی وجہ سے کاٹ دی گئی تھی۔ رینجرز نے تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے قتل کے محرکات کا جائزہ لیتے ہو ئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی لائنز ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان عدنان عرف پچی، دلاور صابر اور فرحان شریف عرف فری کو گرفتارکرلیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے واردات کا اعتراف کیا اور مزید انکشاف کیا کہ وہ جمشید ٹاؤن میں 50 سے زائدڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ تینوں ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

