بہت سے کرپٹ سیاستدان نیب کے ریڈار پر ہیں
خیبر پختون خوا اسمبلی کےاسپیکر مشتاق احمد غنی کا کہنا ہے کہ بہت سے کرپٹ سیاستدان نیب کے ریڈار پر ہیں۔پاکستان تحریک ِانصاف فرانس کے کوآرڈی نیٹر شیخ نعمت اللہ کی طرف سے پیرس میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشتاق غنی نے کہا کہ کرپٹ عناصر کو علم ہے کہ وہ کسی بھی وقت گرفتار ہو سکتے ہیں جس کی بناء پر وہ شور مچار ہے ہیں۔مشتاق غنی نے پاکستانی سینئر صحافیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ حامد میر یا عاصمہ شیرازی ریڈار پر ہیں یا نہیں اُنہیں نہیں معلوم، پاکستان میں آزادیٔ رائے پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ میڈیا آزاد ہے حکومت پر ضرور تنقید کریں مگر قومی مفاد پر آنچ نہ آنے دیں پڑوسی ملک بھارت کے میڈیا کو دیکھیں وہ قومی مفاد کے خلاف نہیں جاتا۔ انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ہے عمران خان کسی کو این آر او نہیں دے گا، نیب کے قانون کے تحت لوٹی ہوئی دولت واپس کریں اور آزاد ہو جائیں۔