چھوٹو گینگ کے سربراہ سمیت 3 ملزمان کو 298 برس قید
مشہورِ زمانہ ڈکیت گروہ ’چھوٹو گینگ‘ کے سربراہ سمیت 3 ملزمان کو 298 برس قید کی سزا سنادی گئی۔ڈیرہ غازی خان میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے راجن پور اور رحیم یار خان کے علاقوں میں قتل اور اغوا کے علاوہ دیگر کئی جرائم میں ملوث چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو سمیت اُس کے 3ساتھیوں کو جرم ثابت ہونے پر مجموعی طور پر298/298 سال قید کی سزا سنائی۔ڈیرہ غازی خان میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شوکت حسین نے ضلع راجن پور کے تھانہ بنگلہ اچھا کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ایک ملزم کو مجموعی طورپر 308 سال قید کی سزا سنائی۔عدالت نے جرم ثابت ہونے پر چھوٹو گینگ کے سربراہ غلام رسول عرف چھوٹو اور دیگر 2 ملزمان کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 298/298 سال قید اور 2، 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ مقدمے میں گرفتار ایک ملزم غلام رسول کو مجموعی طورپر 308 سال قید کی سزا سنادی۔عدالت نے مقدمے میں گرفتار دیگر3 ملزمان کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا۔استغاثہ کے مطابق ملزمان نے سال 2011 میں تھانہ بنگلہ اچھا کے علاقے میں قائم پولیس پکٹ پر حملہ کیا تھا اور ملزمان کی فائرنگ سے اے ایس آئی ندیم مزاری اور آصف لانگری شہید جبکہ3 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ ملزمان نے 8 پولیس اہلکاروں کو گن پوائنٹ پر اغوا بھی کرلیا تھا۔