عمران سن لو! 18ویں ترمیم پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا، بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم ہمارے حقوق چھیننا چاہتا ہے، آج ہمارا مقابلہ سلیکٹڈ وزیراعظم سے ہے۔بلاول نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران سن لو! 18ویں ترمیم اورجمہوریت پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا۔لوئردیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا جلسہ اس بات کی گواہی ہے کہ ’کل بھی بھٹو زندہ تھا، آج بھی بھٹو زندہ ہے‘، عوام کے دلوں میں وہی زندہ رہتا ہے، جس نے عوام کو اپنا مانا ہو۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ضیاء اور مشرف کا دور صرف سیاہ دور کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، کیا آج کوئی ضیاء الحق اور پرویز مشرف کا نام لینے والا ہے؟بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان انصاف کی بات کرتے تھےآج انکی سیاست انتقام کی سیاست ہے،عمران خان عوام کوخوشحال کرنےکی بات کرتے تھے آج عوام کومعاشی بحران میں ڈال دیا ہے، کہتے تھے خودکشی کرلوں گا، آج معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، عمران خان میڈیا کی آزادی کی بات کرتے تھے آج میڈیا کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ پہلے ہی سال اس حکومت کے جانے کی دعا کر رہے ہیں، ہر طبقہ پریشان ہے، سلیکٹ کرنے والے بھی پریشان ہیں۔