وزیراعظم کا مہنگائی میں غیرمعمولی اضافے کا سخت نوٹس
وزیر اعظم عمران خان نے مہنگائی میں غیرمعمولی اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام صوبائی چیف سیکریٹریز اورچیف کمشنر اسلام آباد کو اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا فیلڈ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے تاہم متعلقہ اہلکاروں کے درمیان باہمی روابط کا فقدان عام آدمی کے لیے مشکلات بڑھا رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ قیمتوں کے کنٹرول کے قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے لیے فوری لائحہ عمل تشکیل دیا جائے۔وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

