وادی شوال، چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا پھر حملہ، جوان شہید
شوال (نیوز ایجنسیز) شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں مکی گڑھ پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو سیکورٹی فورسز نے ناکام بنادیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا، بویا کے علاقے میں نالے سے فائرنگ سے قتل کیے گئے 5؍ افراد کی لاشیں بر آمد کرلی گئیں جبکہ گزشتہ روز خارکمر چیک پوسٹ پر فائرنگ کا زخمی فوجی اہلکار فوجی گل جام شہادت نوش کرگیا ۔ علاوہ ازیں خار کمر چوکی پر حملے کی ایف آئی آر درج کرلی گئی جس میں ارکان اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر سمیت 9؍ افراد کو نامزد کیا گیا جبکہ علی وزیر کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاںاسے 8دن کے ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کی وادی شوال میں مکی گڑھ پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جسے سکیورٹی فورسز نے موثر جواب دیتے ہوئے ناکام بنا دیا ۔ آئی ایس پی کے مطابق دہشتگردی سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پیٹرولنگ کے دوران بویا کے علاقے میں نالے سے فائرنگ سے قتل کیے گئے 5؍افراد کی لاشیں ملی ہیں۔یہ لاشیں گزشتہ روز حملے کا نشانہ بننے والی خار کمر چیک پوسٹ سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے سے ملی ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز محسن جاوید اور علی وزیر کی سربراہی میں ایک گروہ نے شمالی وزیرستان کی خار کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا، مذکورہ گروہ کی فائرنگ سے 5؍ فوجی جوان زخمی ہوئے تھے۔آئی ایس پی آر کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس گروہ کے حملے کا مقصد دہشت گردوں کے مشتبہ سہولت کار کو چھڑانے کیلئے دبائو ڈالنا تھا۔علاوہ ازیں خار کمر چیک پوسٹ حملے میں زخمی جوان گل خان شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی گل خان جمرود ضلع خیبر کا رہائشی تھا، شہید سپاہی گل خان نے پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑی ہے۔

