’میری پاکستان واپسی کےلئے ماحول ساز گار ہے‘
سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میں تو میں ضرور جاوں گا،اب تو واپسی کےلئے ماحول بھی سازگار ہے۔ دبئی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان جاوں گا مگر بیوقوفوں کی طرح چھلانگ نہیں ماروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میرے لئے اب ماحول ساز گار ہے کیونکہ موجودہ حکومت کی آدھی کابینہ تو وہی ہے جو میرے دور حکومت میں تھی۔ سابق صدر نے میڈیا سے گفتگو کے دوران پاکستان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات بہتر بنانے پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پاکستان کو طاقتور مسلم ملک سمجھتا ہے،ہم تھوڑی سی کوشش کریں تو اسرائیل سے تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں۔
جنرل (ر) پرویز مشرف نے مزید کہا کہ اسرائیل سے پاکستان کے اچھے تعلقات سے پوری امت مسلمہ پر اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک اسرائیل وزرائے خارجہ کی ملاقات سے متعلق ترک صدر کے ذریعے اسرائیل کو پیغام دیا تو ایک دن میں ہی اسرائیلی وزیراعظم کا مثبت جواب آگیا۔سابق صدر نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پوری دنیا میں کہیں بھی دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ مل سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کو اسرائیلی ہم منصب سے ملاقات کےلئے ترکی بھیجا۔