’ جتنا جھوٹ کل بولا گیا وہ عوام کے سامنے آنا چاہیے‘
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نےکہا کہ جتنا جھوٹ کل پی ٹی آئی کی حکومت نے بولا وہ عوام کے سامنے آنا چاہیے اور وزیروں نے 100 دن میں کیا کارکردگی دکھائی یہ بھی عوام کے سامنے آنا چاہیے۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ فیل استاد شاگردوں کا امتحان لے رہا تھا، وہ کیسے شاگرد ہوں گے جبکہ یہ وہ امتحان تھا جس کا نتیجہ پہلے ہی آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مراد سعید کو شاباشی نوازشریف کے منصوبوں کی وجہ سے ملی ہوگی کیونکہ مرادسعید کی پریزینٹیشن میں زیادہ منصوبے مسلم لیگ ن کے تھے۔مریم اورنگزیب نے مراد سعیدکو مخاطب کرتے ہوئے کہا جو موٹرویز تیار ہیں ان کا افتتاح کریں اور ہماری کارکردگی کو اپنی بنا کر دکھائیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ 1800 کلومیٹر موٹروے اور سڑکوں کا جال ہماری حکومت نے بچھایا تھا۔اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ٹی وی سے پتہ چلا کہ پارلیمنٹ سے انڈے پکڑے گئےہیں۔ وزیراعظم انڈوں، دیسی مرغیوں، کٹوں پر مبنی 100 دن کی کارکردگی دیتے ہیں جبکہ پچھلے 100 دنوں میں 70 سال سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اُن کی حکومت میں غریب کے منہ سے نوالہ چھینا گیا اور اسی لیے کاروباری لوگ ان سے تنگ ہیں۔ حکومت نے گیس اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھائیں، ان کا یہ رویہ مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کا مینڈیٹ اورالیکشن چوری کیااور اب مسلم لیگ ن کے پراجیکٹس چوری کررہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ، نوازشریف، شہباز شریف اورشاہد خاقان کی تختیاں اتار کر پراجیکٹس کا افتتاح کررہے ہیں۔ترجمان نون لیگ مریم اورنگزیب نے حمزہ شہبازکا نام بلیک لسٹ میں ڈالنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کو امیگریشن کاؤنٹر پر پہلے بتایا گیا کہ ان کانام بلیک لسٹ میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بعد میں امیگریشن کاؤنٹر پر مؤقف بدل کر کہا گیا کہ حمزہ شہبازکانام ای سی ایل میں ہے، اطلاع ملنےپر حمزہ شہباز امیگریشن کاؤنٹر سے واپس چلے گئے۔

