کے پی ٹی اور پورٹ قاسم کی الاٹ زمینوں کے آڈٹ کا اعلان
وفاقی وزیر علی زیدی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور پورٹ قاسم کی الاٹ زمینوں کا آڈٹ کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ایک بیان میں علی زیدی نے کہا کہ قبضہ مافیا نے کراچی کو تباہ کردیا جو فائل اٹھاتا ہوں اس میں کرپشن کا اژدھا موجود ہوتا ہے۔ان کا کہناتھا کہ 70سال کی صفائی 100 دن میں نہیں ہوسکتی، تھوڑا سا صبر کرلیں، یہ ملک ایک سال بعد ایسا نہیں رہے گا آگے چلا جائے گا۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے کرپشن ہماری ثقافت بن چکی ہے،منزل مقصود پر پہنچنا ہے یوٹرن سے کچھ نہیں ہوتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں کوئی نیب یا ایف آئی اے نہیں ہوں، جن جن اژدھوں کی معلومات ملیں گی، اداروں کو دوں گا۔

