گورنر ہاؤس لاہور کی دیواریں گرانے کا عمل شروع
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پرگورنر ہائوس لاہور کی دیواریں گرانے کا کام شروع ہوگیا،دیواروں سے جنگلے اتارے جارہے ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنر ہائوس کی حفاظتی دیواریں مسمار کی جارہی ہیں،ان کی جگہ جنگلا لگانے کا کام ایک ماہ میں مکمل ہوگا۔الحمرا کے سامنے مال روڈ پر گورنر ہاوس کی دیواروں سے جنگلے بھی اتارے جا رہے ہیں۔گزشتہ روز وزیر اطلاعات پنجاب نے بتایا تھاکہ وزیراعظم نے 72 گھنٹے میں گورنر ہائوس کی دیواریں گرانے کا کام شروع کرنے کاکہا تھا۔گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنا ایک وعدہ پورا کردیا،گورنر ہاؤس کے نئے استعمال کے متعلق حتمی فیصلہ وزیراعظم ہی کریں گے۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس کو آرٹ گیلری، عجائب گھر اور بوٹینیکل گارڈن بنانے کی تجاویز سامنے آچکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک پلان اور حکمت عملی کے تحت گورنر ہاؤس کی دیواریں گرائی جائیں گی اور دیوار کی جگہ حفاظتی جنگلہ لگایا جائے گا، گورنر ہاؤس کی عمارت گرانے کا تاثرغلط ہے۔دوسری طرف وفاقی وزیر تعلیم اور چیئرمین قومی ورثہ کمیشن شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ گورنر ہائوس کو آرٹ گیلری بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر ہائوس کے چار دیواری کی جگہ خوبصورت آہنی جنگلا لگایا جائے گا،جس کی تنصیب سے عمارت مزید پرکشش ہوجائے گی۔ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس سے گورنر پنجاب کے دفاتر ختم کرنے کی صورت میں نوے شاہراہ قائداعظم کو نیا گورنر ہاؤس بنانے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔

