ڈار کے اکاؤنٹس سے36 کروڑ کس کو منتقل ہوئے؟
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس سے36 کروڑ58 لاکھ روپے حکومت پنجاب کو ٹرانسفر کر دئیے گئے، ضلعی انتظامیہ لاہور نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے اسحاق ڈار کے اثاثہ جات حکومت پنجاب کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد نیب لاہور نے عملدرآمد کیلئے حکومت پنجاب کو لکھا تھا ۔اس معاملے پر حکومت پنجاب کی جانب سے ڈپٹی کمشنر لاہور نے بینک انتظامیہ کو خطوط لکھے کہ پہلے سے منجمد رقوم کو منتقل کر دیا جائے، یہ خطوط الائیڈ بینک لمیٹڈ ، بینک الفلاح لمیٹڈ ، البراک بینک پاکستان لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ کو لکھے گئےجس پر بینکوں نے سی آر ڈی سی (7)88کے سیکشن کے تحت پے آڈرز کے ذریعے رقم ٹرانسفر کی ۔بینک الفلاح نے مجموعی رقم اکٹھی کر کے بذریعہ پے آڈر جی پی ایل 00021092کے تحت 36 کروڑ 58 لاکھ 71 ہزار 964روپے حکومت پنجاب کو منتقل کر دئیے۔اس حوالے سےضلعی انتظامیہ نے پے آڈرز کے بارے میں محکمہ فنانس پنجاب سے رائے مانگ لی ہے ،ضلعی انتظامیہ نے پوچھا ہے کہ اسحاق ڈار کے اکاؤنٹس سے منتقل پے آڈرز کس اکاؤنٹ میں اب جمع کروائے جائیں۔واضح رہے کہ اسحاق ڈار کی گلبرگ کوٹھی پہلے ہی ایل ڈی اے کی تحویل میں ہے۔واضح رہےکہ اسحاق ڈار گزشتہ کئی ماہ سے لندن میں مقیم ہیں اور عدالتی حکم پر ان کی سینیٹر شپ بھی معطل کی جاچکی ہے۔

