سپریم کورٹ: پاکپتن میں اوقاف کی زمین کا معاملہ، نواز شریف 4دسمبر کو طلب
سپریم کورٹ نے پاکپتن کی اوقاف کی زمین کے معاملے میں نواز شریف کو4 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔دوران سماعت نواز شریف کے وکیل جواب جمع کراتے ہوئے کہا کہ ڈی نوٹیفکیشن کی سمری پر نواز شریف نے دستخط نہیں کئے تھے۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے استفسار کیا کہ آپ کو اندازہ ہے آپ کس قسم کا جواب دےرہےہیں؟ آپ نے3 بار وزیر اعظم رہنے والے محترم کے بارے میں عدالت میں یہ موقف دیا ہے۔چیف جسٹس نے نواز شریف کے وکیل سے استفسار کیا آپ جواب فائل کرنے سے پہلے نواز شریف سے ملے تھے؟ وکیل نواز شریف نے کہا کہ دو بار ملا ہوں۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ایک آدمی کی طرف سے آپ نے ایسا مؤقف لیا ہے کہ اُس کا سارا سیاسی کیریئر داؤ پر لگا دیا ہے۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیس کی فائل میں سمری لگی ہوئی ہے جس پر نواز شریف کے دستخط بھی موجود ہیں، اس کا مطلب تو یہ ہے کہ پھر سارے کا سارا فراڈ ہوا ہے۔عدالت عظمیٰ نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے نواز شریف کو 4 دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

