نواز شریف کی جی ٹی روڈ ریلی، اپوزیشن جماعتوں کی کڑی تنقید
لاہور: (نمائندہ خصوصی) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جی ٹی روڈ ریلی پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید ردعمل دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن ادارووں کا فیصلہ قبول لیکن دوسرے دن مسترد، یہ روایت اچھی نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نواز شریف نااہل ہو چکے، ان کی انڈر 19 ٹیم انہیں بند گلی لے جائے گی۔ ریلی پر کروڑوں روپے خرچ کرنے کا مقصد مظلوم بننا ہے۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ ابھی پاناما کی کہانی ختم نہیں ہوئی، ابھی تو نیب ریفرنس دائر ہونے ہیں۔ شریف خاندان کو آمدنی کے ذرائع بتانے ہوں گے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاناما سکینڈل میں ملوث دیگر افراد کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔

