ردالفسادسے کوئٹہ میں دہشت گردی کم ہوگئی ، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ آپریشن ردالفساد کے باعث کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی ہوئی،بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ گیریژن کے دورے کے دوران سدرن کمانڈ ہیدکوارٹرز اور ایف سی بلوچستان ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف کو بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بلوچستان میں فرقہ وارانہ واقعات میں خاطرخواہ کمی آنے پراطمینان کا اظہار کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردخوف کا شکارہو کرقانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان پر میری خاص توجہ ہے، صوبے کے عوام کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، ہم پاکستانی عوام کی فوج ہیں، عوام کے بھرپور تعاون سے پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ فرقہ واریت میں دہشت گرد ناکامی کا منہ دیکھنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کررہے ہیں، فراریوں کی جانب سے ہتھیار ڈالنے میں اضافہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔