جے آئی ٹی سے اپنے اوپر الزام کا پوچھا جس کا کوئی جواب نہیں ملا، مریم نواز
وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہےکہ جے آئی ٹی سے اپنے اوپر الزام کے بارے میں پوچھا جس کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی پاناما کیس پر سپریم کورٹ کی جانب سے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوگئیں۔ وہ تقریباً 2 گھنٹے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں۔مریم نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیشی سے قبل اپنی والدہ کلثوم نواز سے ملیں اور اس موقع پر انہوں نے والدہ کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔
کلثوم نواز نے بیٹی کو گلے لگا کر رخصت کیا اور ان کے ہاتھ میں قرآن پاک بھی موجود تھا۔مریم نواز سخت سیکیورٹی میں فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی پہنچیں جہاں (ن) لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کارکنان کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔
جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے بعد فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 2 گھنٹے جے آئی ٹی کا سامنا کیا، جو کچھ جے آئی ٹی میں پوچھا گیا اس کاجواب دیا۔مریم نواز نے کہا کہ یہ ہمارا پہلا نہیں پانچواں احتساب ہے، بے رحمانہ احتساب کا باربار سامنا کیا ہے، ہم نے تین نسلوں کا حساب دیا اور دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ والد ،چچا اور بھائیوں کی پے درپے پیشیوں کے بعد پیش ہوئی، ہمارے پاس بہت راستے تھے اور ہم بھی استثنا کا راستہ استعمال کرسکتے تھے، ہم بھی کمردرد کا بہانہ بناکر اپنی گاڑی اسپتال لےجاسکتے تھے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے اس لیے نشانہ بنایا گیا کہ نوازشریف کی بیٹی ہوں لیکن میں لڑوں گی، اس شخص کی بیٹی ہوں جس نے مجھے حق کے لیے کھڑا ہونا سکھایا۔ان کا کہنا تھا کہ جن کو بیٹیوں کی قدرنہیں وہ یہ باتیں نہیں سمجھ سکتے، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ بیٹیوں کوشامل کرکے نوازشریف کوامتحان میں ڈالیں گے، وزیراعظم نوازشریف آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے کھڑےرہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی والوں سے سوال کرنے سے قبل اجازت مانگی، میں نے جےآئی ٹی اراکین سے سوال کیا ہم پر الزام کیا ہے؟ میرے سوال کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم نامے میں میرا نام نہیں تھا، پاناما لیکس سے پہلے مجھے ڈان لیکس میں بھی شامل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کوئی آسمانی صحیفہ نہیں، اس میں دیگر 450 افراد کے بھی نام ہیں، جن لوگوں نے پاناما لیکس سے متعلق کیس دائر کیا ان کی اپنی آف شور کمپنی ہے، ان کے نام پاناما میں نہیں تو اس لیے ان کی آف شورحلال باقیوں کی حرام۔وزیراعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ سازش کرنے والوں کو پتا ہے کہ وزیراعظم محب وطن ہیں، سیاسی مخالفین کو بتانا چاہتی ہوں کہ عوام نواز شریف کی طاقت ہیں، نواز شریف نہ خود جھکے گا نہ اپنے ووٹرز کو جھکنے دیں گے، جب جب نوازشریف کے خلاف سازش ہوئی وہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہو کر آئے۔انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کو 70 دن ہوگئے ہیں، آج مجھے احساس ہوا ہے کہ جے آئی ٹی کے پاس کچھ نہیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم منی ٹریل بہت پہلے دے چکے ہیں، بار بار احتساب دے چکے ہیں اور دے بھی رہے ہیں، ہم نےوہ قرض بھی اتار دیا جو واجب بھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران خاندان سے تعلق ہے اور حکمرانوں کا کڑا احتساب ہوتا ہے، جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ رلاؤں گا وہ سن لیں یہ طاقت اللہ کے پاس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے والد تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم ہیں، وزیراعظم کا کاروبار سے تعلق بھی نہیں تھا، جن لوگوں کا کوئی کاروبار یا ذریعہ آمدن نہیں ان سے سوال نہیں پوچھا جاتا، جو الزامات لگائے گئے وہ ذاتی کاروبار سے متعلق تھے۔مریم نواز نے کہا کہ مخالفین جان لیں کہ نواز شریف واحد لیڈر ہیں جن پر قوم اعتماد کرتی ہے اور ڈرو اُس دن سے جب نواز شریف بے رحمانہ احتساب کے زخموں کو تمغوں کی طرح سینے پر سجا کر عوام کے پاس جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں سینے میں دفن سازشیں بے نقاب کرنے پر مجبور نہ کرو۔

