برطانوی معاشرہ میں انضمام کے لیے مساجد اور اسلامک سنٹرز کا کردار نہایت اہم ہے۔ ڈاکٹر جوادالاسلام
سینٹ آنز (نوید چوہان) سینٹ آنز مسلم سوسائٹی بلیک پول کے نواح میں مقیم مسلم کمیونٹی کی خدمت گزشتہ کئی برسوں سے کر رہی ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی سینٹ آنز سوسائٹی کی سالانہ عید مِلن پارٹی تھی جس میں مقامی مئیر مسٹر سنگل ٹن اور ممبر پارلیمنٹ مارک میننز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب کے آرگنائزر ڈاکٹر جواد، ڈاکٹر عالیہ، شیخ جمیل و دیگر کا مقصد سینٹ آنز میں مسجد اور اسلامک سنٹر کا قیام ہے جس کی کمیونٹی کو اشد ضرورت ہے۔ ڈاکٹر جواد کا کہنا تھا کہ برطانوی معاشرے میں انضمام کے لیے مساجد اور اسلامک سنٹرز کا کردار نہایت اہم ہے۔ دیگر کمیونیٹز بھی اسلام سے متعلق اپنے تحفظات کی دوری کے لیے ان سنٹرز سے رابطہ کر سکتیں ہیں۔ شیخ جمیل کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد لیتھم سینٹ آنز میں اسلامک سنٹر کا قیام ہے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اسلام پر عمل پیرا ہو سکیں ہمیں نماز اور دیگر تقریبات کے لیے شدید مشکلات ہیں جن کا حل ہمارا اپنا کمیونٹی سنٹر ہے۔ ممبر پارلیمنٹ مارک مینزز کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کسی مذہب سے تعلق نہیں وہ کمیونٹی کے مابین تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں اوران ان کی اس کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ میئر فلائیڈ مسٹر سنگلٹن کا کہنا تھا کہ مسلمان کمیونٹی کی ہمارے معاشرے میں بہت خدمات ہیں جن کو بھلایا نہیں جا سکتا ایسے واقعات وقتی طور پر اختلافات تو پیدا کرتے ہیں لیکن کمیونٹی کے ملاپ کی ایسی تقاریب ان اختلافات کو دور کرنے کا سبب بھی بنتی ہیں۔ اس موقعہ پر دیگر شرکاء نے بھی لندن اور مانچسٹر سانحہ میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔ بچوں نے عید مِلن کی اس منفرد تقریب کو بے حد پسند کیا۔ بچوں خواتین اور مرد حضرات نے روایتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے اس موقعہ پر مہندی لگانے کا بھی خصوصی انتظام تھا۔