حسین نواز چھٹی مرتبہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش
وزیراعظم کےصاحبزادے حسین نواز چھٹی بار جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوگئے۔حسین نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی پر (ن) لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر موجود تھی۔اس موقع پرحسین نواز کی سیکورٹی وی وی آئی پی ون قراردی گئی۔ فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کےاطراف میں سیکورٹی کےغیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے جب کہ اطراف میں لگائی گئی سیکورٹی باڑ میں اضافہ اور آئی ایٹ پل سےفیڈرل جوڈیشل اکیڈمی جانے والاراستہ بھی بند رکھا گیا۔وزیراعظم کےصاحبزادے حسین نواز کی آج جے آئی ٹی کے سامنے چھٹی مرتبہ پیشی ہوئی۔ اس سے قبل وہ پہلی بار 28 مئی، دوسری بار 30 مئی ،تیسری بار یکم جون، چوتھی مرتبہ 3جون جب کہ پانچویں بار 9جون کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوچکے ہیں۔جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے بھی 15 جون کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر لگ بھگ 3 گھنٹے تک سوالات کے جوابات دیئے تھے۔اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے بیٹے حسن نواز تین مرتبہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔شریف خاندان سے تعلق رکھنے والے دیگر افراد کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر اور وزیرخزانہ اسحاق ڈاربھی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوچکے ہیں۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 20 اپریل کو پاناما پیپرز کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے لیے 60 روز کا وقت دیا تھا اور گزشتہ ہفتے عدالت عظمٰی کی طرف سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنی حتمی رپورٹ 10 جولائی کو عدالت میں جمع کرائے۔