کنگ خان کا فلموں کی ناکامی کے باوجود اداکاری نہ چھوڑنے کا اعلان
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے یکے بعد دیگرے فلموں کی ناکامی کے باوجود اداکاری نہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔شاہ رخ خان کو اداکاری کے ساتھ ساتھ باکس آفس کا بھی کنگ کہا جاتا ہے اور ان کے فنی سفر کے 25 سال بھی مکمل ہوچکے ہیں لیکن اب یکے بعد دیگرے ان کی کئی فلمیں باکس آفس پر کمال نہیں دکھا سکیں جس کی وجہ سے ان پر انگلیاں اٹھائی جانے لگی تھیں تاہم کنگ خان نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت اداکاری کو خیرباد نہیں کہیں گے۔کنگ خان کی فلم ’’دل والے‘‘ باکس آفس پر رنویر سنگھ کی فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ کو مات دینے میں ناکام ہوگئی تھی جس پر انہیں ڈسٹری بیوشن کمپنی کو معاوضہ بھی واپس کرنا پڑا جب کہ ان کی فلم ’’فین‘‘ بھی باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہ دکھاسکی تھی۔رواں سال کے اوئل میں ہی فلم ’’رئیس‘‘ بھی باکس آفس پر بڑی کامیابی نہ سمیٹ پائی جس کے بعد ان کا فنی کیرئیر ختم ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں لیکن اس سب کے باوجود شاہ رخ خان اداکاری چھوڑنے کا ارادہ نہیں رکھتے ہیں۔شاہ رخ خان کا اپنے فنی کیرئیر کے 25 سال مکمل ہونے کے حوالے سے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ میری عمر بڑھ رہی ہے لیکن پھر بھی اداکاری کو خیرباد کہنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ میں مداحوں کو خاندان کی طرح سمجھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرا یقین ہے کہ میں پوری زندگی اداکاری کرسکتا ہوں، چاہے میں برا اداکار ہی کیوں نہ ہوں یا پھر ایسے ہی ختم ہوجاؤں لیکن اداکاری کو چھوڑنے کا خیال کبھی بھی ذہن میں نہیں آیا۔ان کا کہنا تھا کہ طویل فلمی کیرئیر کے باعث بچے بھی اداکاری سے بور ہونے کا پوچھتے ہیں لیکن میں آج تک کبھی بھی اداکاری سے بور نہیں ہوا کیوں کہ ہر فلم میں مجھے اپنے کردار سے کچھ نیا سیکھنے کو ملا ہے۔شاہ رخ خان ان دنوں ہدایت کار امتیاز علی کی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جب کہ فلم 4 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی