وزیراعظم حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔ سیکرٹری اطلاعات یو کے رانا جہانزیب
لندن (نوید چوہان) پاناما کیس پر سپریم کورٹ نےجے آئی ٹی بنا کر وزیر اعظم سے کریمینل تفتیش کا حکم دیا ہے۔ نواز شریف پر پاکستانی عوام کا پیسہ منی لانڈرنگ کر کے بیرون ملک کاروبار اور جائیدادیں بنانے کا الزام تھا۔اب سپریم کورٹ کے2 سینئر ترین ججز جو مستقبل کے چیف جسٹس بھی ہیں انہوں نے اپنےاختلافی نوٹ میں نواز شریف پر لگے الزامات کے دفاع میں ناکافی اور ناقابل قبول ثبوت پیش کرنے پر نااہل کرکے گھر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پانچوں کے پانچوں ججز کا اس بات پر اتفاق ہے کہ وزیر اعظم اب صادق اور امین نہیں رہے لہذا ان سب الزامات، ججز کے ریمارکس اورجےآئی ٹی کےسامنے کریمینل تفتیش کیلئے پیش ہونے کا حکم ملنے پر ہم وزیراعظم پاکستان جناب نواز شریف صاحب سے جے آئی ٹی میں پیش ہونے سے پہلے استعفٰی کا مطالبہ کرتے ہیں ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی یو کے نے اردو پوسٹ سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ںہمیں اس بات پر یقین ہے کہ وزیراعظم اب حکومت کرنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔اس میں ایک بات تو یہ ہے کہ جے آئی ٹی پر تفتیش کرنے والی تمام ایجنسیاں وزیراعظم کے ماتحت ہیں اور وزیراعظم بلواسطہ اس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرسکتے ہیں اور دوسرا ایک حاضر سروس وزیراعظم کا کریمینل تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا جہاں پوری دنیا کے سامنے پاکستان کی جگ ہنسائی ہے وہاں پوری دنیا میں کہیں بھی اسکی کوئی مثال نہیں ملتی لہذا آزادانہ اور شفاف تحقیقات کیلئے یہ ضروری ہے کہ نواز شریف جب جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوں تو وہ وزیراعظم نہ ہوں۔یوکے میں حال ہی میں ہونے والے پارٹی الیکشن سے منتخب ہونے والے ارکین مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے بہت جلد اکھٹے ہو رہے ہیں اور اسی میٹنگ میں آئندہ مختلف امور پر بھی پارٹی قیادت فیصلے کرے گی۔ وزیر اعظم کے استعفٰی کیلئے ہمیں یہاں یوکے میں ہائی کمیشن کے باہر غیر معینہ مدت کیلئے دھرنہ دینے کی تجویز پر بھی غور کرنا پڑا تو ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔