چارسدہ بم دھماکوں پر پوری قوم افسردہ ہے : نواز شریف
لاہور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف سمیت سیاسی قیادت نے چارسدہ بم دھماکوں پر اظہار افسوس کیا ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ چارسدہ بم دھماکوں نے ایک بار پھر پوری قوم کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے، ہم دکھ اور سوگ کی اس گھڑی میں پوری قوم کے ساتھ ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگرد ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں بدامنی پھیلا رہے ہیں۔وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا کہ ایک سازش کے تحت ملک میں دہشتگردی کی جا رہی ہے ، اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس ملک کو محفوظ رکھے ، قوم یکجہتی کیلئے دعا کرے ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ملک بھر میں ایسی وارداتیں قابل افسوس ہیں۔ اس حوالے سے پولیس اہلکاروں کا کردار قابل تعریف ہے جنہوں نے شہر کو بڑی دہشتگردی سے محفوظ رکھا۔انہوں نے کہا کہ ایسی سازشیں پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کی کوشش ہیں ، پہلے لیبیا ، عراق اور شام میں ایسی کارروائیاں کی گئیں اور اب اس کے بعد پاکستان کا نمبر آ گیا ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ آج جو کچھ ہم بھگت رہے ہیں وہ پرویز مشرف کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایسے دھماکے قابل افسوس ہیں ، ہم بم دھماکوں کی پرزور انداز میں مذمت کرتے ہیں۔