’فیملی سے بدسلوکی‘ پر نوٹس، مریم نواز کی محمد عامر کو کال
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر محمد عامر کی فیملی کے ساتھ ملتان سٹیڈیم میں ‘بدتمیزی’ کے واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لے لیا ہے۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر محمد عامر نے اپنی پوسٹ میں لکھا: “میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے ملتان سٹیڈیم میں میری فیملی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر نوٹس لیا اور اپنا قیمتی وقت نکال کر مجھے کال کی۔”محمد عامر نے کہا، “ڈپٹی کمشنر ملتان نے تمام غلط فہمیوں کو دور کر دیا ہے۔ میں مریم نواز کے اس اقدام کو سراہتا ہوں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔”محمد عامر نے پیر کے روز ہونے والے پی ایس ایل میچ کے دوران ڈپٹی کمشنر ملتان پر مبینہ طور پر ان کی فیملی سے بدسلوکی کا الزام عائد کیا تھا اور مریم نواز سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کی پوسٹ میں یہ بھی ذکر تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے ملکیت کا دعویٰ کیا اور میچ کے دوران ان کی فیملی کو بلاجواز باہر نکال دیا۔ انہوں نے معاونت کا اظہار کیا کہ امید ہے مریم نواز اس معاملے پر ایکشن لیں۔یہ واقعہ 26 فروری کو پی ایس ایل کے ایک میچ کے دوران پیش آیا، جب محمد عامر، عمر امین، اور معین خان کے اہل خانہ کو مبینہ طور پر انتظامیہ نے کھلاڑیوں کے باکس سے باہر نکال دیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے ایسے رویے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ محمد عامر پی ایس ایل کے نویں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ان سے پہلے کراچی کنگز کے لیے آٹھ سیزن کھیل چکے ہیں۔