کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جھلسنے والی 12 سالہ گھریلو ملازمہ اسپتال میں چل بسی جبکہ اس کی دو ساتھی لڑکیوں میں سے مزید ایک کی حالت تشویشناک ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق 12 سالہ ناہیدہ کو 22 مئی کو طیارہ حادثہ کے بعد جناح اسپتال سے سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کیا گیا تھا، نائیدہ طیارہ حادثے میں 56 فیصد جھلس گئی تھی۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں طیارہ گرنے سے تباہ ہونے والے گھروں میں کام کرنے والی تین گھریلو ملازم لڑکیاں بھی جھلس گئی تھیں۔شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود ملیر جام کھنڈو گوٹھ کے خاصخیلی محلے سے تعلق رکھنے والی ناہیدہ، عزیزہ اور ماریہ خاصخیلی ماڈل کالونی کے ان گھروں میں جزوقتی کام کرتی تھیں جن پر پی آئی اے کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔طیارہ گرتے ہی ماڈل کالونی کے کئی گھروں کو بھی آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں اس آبادی کے کافی لوگ زخمی ہوئے ان میں یہ تینوں گھریلو ملازمائیں بھی شامل تھیں۔یہ لڑکیاں دیگر خواتین کے ساتھ گھروں میں کام کرنے کے لیے گوٹھ سے صبح سویرے جاتی اور شام کو واپس لوٹ آتی تھیں۔ واقعےکے روز 2 بجے دو لڑکیوں نے کام ختم کر لیا تھا اور وہ گلی میں چارپائی پر بیٹھ کر تیسری لڑکی کا انتظار کر رہی تھیں کہ طیارہ آگرا۔ان کی عزیز خاتون رشیدہ کے مطابق تینوں لڑکیوں کو فوری طور پر دیگر زخمیوں کے ساتھ جناح اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں سے انہیں سول اسپتال کے برنس سینٹر منتقل کردیا گیا تھا۔ڈاکٹرز کے مطابق دو میں سے مزید ایک لڑکی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ 12 سالہ ناہیدہ اسکول میں پڑھ رہی تھی عید کے اخراجات کے لیے گھروں میں کام کرنے جانے لگی تھی کہ موت کا شکار ہوگئی۔
ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ابرار الحق کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔اس بات اعلان خود ابرار الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔معروف پاپ گلوکار نے لکھا کہ ان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، جس کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ بذریعہ انٹرنیٹ ہلال احمر اور سماجی ادارے سہارا کے لیے اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔ابرار الحق نے اپیل کی کہ ان کے لیے اور اس وبا سے لڑنے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔
وزارتِ خزانہ نے یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول، مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا گیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 7 روپے 6 پیسے کمی کردی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی فی لیٹر قیمت 74 روپے 52 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 9 روپے 37 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 38 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔تاہم وزارت خزانہ کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 5 پیسے اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت قیمت 80 روپے 15 پیسے کردی گئی۔مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت میں 11 روپے 88 پیسے کمی کردی گئی ہے۔ماہ جون کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
خیبر پختون خوا کے ضلع مردان کی پولیس کی جانب سے مجرموں کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔مردان کے علاقے شہباز گڑھی میں کیے گئے آپریشن کے دوران پولیس اور مجرموں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔مردان پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران سلمان نامی اجرتی قاتل ہلاک ہو گیا ہے جس کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سلمان نے حوالدار باسط کو مسجد کے اندر قتل کیا تھا، ملزم سلمان قتل اور راہزنی کے مقدمات میں مفرور تھا۔پولیس کی جانب سے اس آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی اور ڈرون کیمروں کا استعمال بھی کیا گیا۔
پنجاب کے ضلع خانیوال کے قریب لاہور سے ملتان جانے والی مسافر بس اُلٹ گئی، حادثے میں 6 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔لاہور سے ملتان جانے والی بس ملتان خانیوال روڈ پل رانگو پر موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے الٹی۔حادثےمیں 4 مسافر موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جس نے زخمیوں اور لاشوں کو الٹی ہوئی بس سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔اسپتال میں حادثے کے مزید 2 زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پاکستان میں کورونابے قابوہونے پرماسک لازمی قراردیدیاگیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے مقامی سطح پر پھیلاؤ کی شرح 92 فیصد ہے لہٰذا مساجد سمیت عوامی مقامات اور ٹرانسپورٹ میں ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے رہے ہیں، جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ اب تک 60ممالک سے 33ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپس لاچکے ہیں، یکم جون سے 10جون تک 20ہزار مسافر پاکستان آئینگے۔دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ صورتحال خطرناک ہے، آئندہ دس بارہ دن میں اسپتال کورونا مریضوں سے بھر سکتے ہے، ملک بھر میں 14دن کاسخت لاک ڈاؤ ن ہونا چاہیے۔ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کیلئے وفاق کو سفارشات دینے کا فیصلہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں اب تک 5 لاکھ 32 ہزار کورونا ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مقامی پھیلاؤ کی شرح 92 فیصد ہے جبکہ صحت یابی کی شرح 36 فیصد ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ طے کردہ ضابطہ کار اور گائیڈ لائنز پر سختی سےعمل کرنے کی ضرورت ہے اور ہم ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دے رہے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ وائرس سے بچاؤ کیلئے سرجیکل اور کپڑے کے ماسک استعمال کیے جاسکتے ہیں، مساجد، بازاروں، دکانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور ٹرین میں ماسک پہننالازمی ہوگا۔اس موقع پر ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا کہ زمینی سرحدیں اُسی طرح آپریٹ کررہی ہیں جیسے پہلے کررہی تھیں، بھارت سے 180 پاکستانیوں کو واپس لائے ہیں۔افغانستان سے تجارت کے حوالے سے معاون خصوصی نے بتایا کہ افغانستان کی درخواست پربنیادی اشیائے ضروریہ کی تجارت کی اجازت دی، افغان حکومت کی ہی درخواست پر طورخم اور چمن سے ٹرک جا رہے ہیں اور اس دوران پاکستان سے افغان شہری بھی واپس جا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں سیاحوں کو ابھی فی الحال اجازت نہیں دی ہے۔ سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے آئندہ دنوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا۔جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں لوگوں نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا جس وجہ سے کورونا کیسز کی تعداد آنے والے دنوں میں خطرناک حدتک بڑھ سکتی ہے۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صورتحال بہت لمحہ فکریہ ہے، مریضوں اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے، ہلاکتیں بتارہی ہیں کہ صورتحال کتنی خطرناک ہے، لوگوں کی ترجیح نجی اسپتال ہے لیکن وہاں بھی گنجائش ختم ہوچکی ہے مگر سرکاری اسپتال میں کچھ گنجائش ہے اور وزیراعلیٰ گنجائش مزید بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ نیپا کراچی میں 200 بستروں پر مشتمل عارضی اسپتال بنارہے ہیں، کراچی یونیورسٹی کے پاس بھی جگہ دیکھی ہے جہاں 50 بستر لگائیں گے اس کے علاوہ لیاری اور جنرل اسپتال میں بھی بستروں کی تعداد بڑھارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے نمبرز بڑھ رہے ہیں صورتحال خطرناک ہے اور مزید آنے والے دنوں میں ہوسکتی ہے، جس طرح پچھلے 10 روز میں کیسز آئے سب کے سامنے ہیں، آج سے 10 روز پہلے 16 سے 17 افراد وینٹی لیٹرز پر تھے جو اب 40 سے 50 ہوگئے ہیں، آئی سی یو میں بھی مریضوں کی تعداد 40 سے 80 تک جا پہنچی ہے۔پنجاب نے لاک ڈائون میں مزید نرمی کیلئے وفاق کو سفارشات دینے کا فیصلہ کیاہے،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کیلئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں اور پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کے لئے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں منہ او رناک ڈھانپنے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کیاگیا،جس کے تحت انتظامیہ،پولیس اور ٹریفک وارڈن منہ او رناک نہ ڈھانپنے والے افراد کو تنبہ کر سکیں گے۔کابینہ کمیٹی نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں ایس او پیز کے تحت ایک ہزا رلیڈی ڈاکٹرز کے انٹرویوزکی اجازت دے دی۔ اجلاس میں تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2دن تعطیل کا فیصلہ بھی این سی او سی کرے گا-
ٹک ٹاک کی حریف ایپ متروں کا موجد ایک پاکستانی شخص ہے۔ معروف موبائل ایپ ٹک ٹاک کی حریف کے طور پر متروں نامی ایپ مشہور ہورہی ہے، جسے بھارتی ایپ سمجھا جارہا تھا۔تاہم، اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ ایپ ایک پاکستانی ڈیولپر نے تیار کی ہے۔ اس ایپ کا اصل نام ٹک ٹک تھا۔اس ایپ کو پاکستانی سوفٹ ویئر ڈیولپر کیوبوکسز سے خریدا گیا۔کیو بوکسز کے سی ای او عرفان شیخ نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اس ایپ کا سورس کوڈ متروں کے بانی کو 34 ڈالرز میں فروخت کیا تھا۔ا
ٹی وی کی معروف اداکارہ آمنہ ملک کا جواں سالہ کزن کورونا کی وجہ سے انتقال کر گیا جس پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ بے شمار افراد نے اداکارہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔کزن کی وفات کے بعد اداکارہ نے اپنے وڈیو پیغام میں زار و قطار روتے ہوئے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ کورونا نہیں ہے وہ یقین کرلیں۔ میرا 23 سالہ کزن کورونا کا ہی شکار ہوا ہے جس کے دونوں پھیپھڑے کورونا کی وجہ سے ناکارہ ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر ڈال دیا گیا لیکن ان کی زندگی نہ بچ سکی۔اگر آج یہ ہمارے ساتھ ہوا ہے تو کل کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے لوگوں کو چاہیئے کہ وہ احتیاط کریں اور گھروں میں ہی رہیں۔اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ تصور غلط ہوگیا ہے کہ نوجوان لوگ کورونا سے بچ جاتے ہیں اور انہیں کچھ نہیں ہوتا۔اس کا واحد علاج صرف احتیاط ہے۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی لندن کے ایک ہوٹل میں چائے پیتے ہوئے تصویر وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر انکے حق میں ٹرینڈ شروع ہوگیا ہے۔ن لیگی رہنماؤں نے اپنی پروفائل تصویریں تبدیل کردی ہیں جبکہ مسلم لیگ اور تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کے مابین لفظی جنگ بھی چھڑ گئی ہے۔ شہباز گل نے کہا کہ جھوٹ بول کر باہر جانیوالوں نے قوم کو بیوقوف سمجھ رکھا ہے۔فواد چوہدری نے بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ تصویر ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔ جبکہ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مخالفین نے نواز شریف کو مارنے کی پوری کوشش کی مگر اللہ نے بچالیا۔مریم نواز شریف نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح نواز شریف کی ایک جھلک سے ان کے مخالفین کے اوسان خطا ہو جاتے ہیں، اسی طرح اس تصویر سے میاں صاحب کے چاہنے والے خوش ہوئے ہیں اور انکو حوصلہ ملا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ میرے والد کی تصویر کا مقصد تشہیر نہیں تذلیل تھا جو ہر بار کی طرح الٹا ہو گیا۔نوازشریف کی تصویر وائرل ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ترجمان شہباز گل نے بھی ٹوئٹر پر ان کی تصویر کے ہمراہ ایک پوسٹ کی جس میں مسلم لیگ (ن) کے قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک تصویر شیئر کی جس میں میاں نواز شریف لندن میں اپنی بہو اور پوتی کے ہمراہ دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر کے ساتھ فواد چوہدری نے تحریر کیا کہ یہ تصویر ہمارے نظام انصاف، قانون، انتظامیہ اور عدالتی نظام کا منہ چڑا رہی ہے۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے یہ بھی لکھا کہ تصویریں بتاتی ہیں کہ آخر عوام احتساب کے نظام پر کتنا اعتماد کر سکتے ہیں۔
پشاور (گل جماد فاروقی) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے من پسند کرائے کے حصول اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 61 ٹرانسپورٹروں کا چالان کرتے ہوئے ہزاروں روپے قومی خزانے میں جمع کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی گئیں اس دوران شہریوں کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آگاہی دی اور ان میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے گئے اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ ہاتھ ملانے‘ گلے ملنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور منہ‘ ناک اور آنکھوں کو چھونے سے گریز کرنے سمیت صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ یہ خطرناک وائرس با آسانی ختم ہو اور مزید قیمتی جانیں اس جان لیوا وائرس کا شکار نہ بنیں۔ مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیوں کے دوران شہریوں اور ٹرانسپورٹروں کی جانب سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی‘ من پسند کرایوں کے حصول اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ٹریفک حکام نے 61 افراد کا چالان کیا اور ان سے جرمانوں کی مد میں حاصل کئے گئے ہزاروں روپے قومی خزانے میں جمع کرادیئے گئے۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا کہ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے محب وطن ہونے کا ثبوت دیں اور ٹرانسپورٹرز حکومت کی جانب سے مقرر کردہ کرایوں سے تجاوز نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالے اپنی جان اور عزیز و اقارب کا دشمن نہ بنیں اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے گھروں تک محدود رہیں تاکہ اس جان لیوا وائرس کا خاتمہ ہو سکے